QR CodeQR Code

این اے 246 کا ضمنی انتخاب کراچی کا مستقبل طے کرے گا

کراچی والوں میں بہت برداشت ہے جو الطاف حسین کی لمبی تقریریں سن لیتے ہیں، عمران خان

19 Apr 2015 18:55

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لوگ اسٹیٹس کو سے تنگ آچکے ہیں، جماعت اسلامی کو سوچنا چاہیے وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے جماعت اسلامی کی حمایت کرکے اس کو نقصان پہنچایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں میں بہت برداشت ہے، جو وہ الطاف حسین کی لمبی تقریریں سن لیتے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی مرتبہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پوری تقریر سنی، کراچی کے شہریوں میں بہت برداشت ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی لمبی لمبی تقریریں سن لیتے ہیں، انہیں تو گزشتہ روز تقریر سن کر بھوک لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز کی موجودگی سے بہت فرق پڑے گا، میچ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون جیتا اور کس کے ہاتھ شکست آئی، الطاف حسین کو پولنگ سے پہلے ہی کیسے نتیجے کا علم ہو گیا، ایسا تو میچ فکسنگ میں ہوتا ہے۔ سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو این اے 246 سے زیادہ ووٹ ملے، جبکہ جماعت اسلامی نے صرف 10 ہزار ووٹ لئے تھے، اس لئے خواہش تھی کہ جماعت اسلامی ہمارے امیدوار کی حمایت کرے، لیکن جماعت اسلامی یہاں کی پرانی جماعت ہے، ہمارا اپنا فیصلہ تھا اور ہماری حمایت نہ کرنے کا فیصلہ ان کا اپنا۔

عمران خان نے کہا کہ این اے 246 کا ضمنی انتخاب کراچی کا مستقبل طے کرے گا، اور کراچی کا مستقبل پاکستان کے مستقبل کی راہ متعین کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جلسہ اس لئے اہم ہے کہ اس سے لوگوں کو حوصلہ ملتا ہے، ہم ان کیلئے آئے ہیں جو چاہتے ہیں کہ کراچی عظیم شہر بنے۔ سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان بدل گیا ہے، لوگ اسٹیٹس کو سے تنگ آچکے ہیں، جماعت اسلامی کو سوچنا چاہیے وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے جماعت اسلامی کی حمایت کرکے اس کو نقصان پہنچایا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں شفاف الیکشن ہوں اور حقیقی عوامی نمائندے اسمبلیوں میں آئیں، 2013ء کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی، جس کے خلاف تحریک انصاف اکیلی سڑکوں پر آئی، لیکن جوڈیشل کمیشن کے سامنے 21 سیاسی جماعتوں نے دھاندلی سے متعلق شواہد پیش کئے۔


خبر کا کوڈ: 455464

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/455464/کراچی-والوں-میں-بہت-برداشت-ہے-جو-الطاف-حسین-کی-لمبی-تقریریں-سن-لیتے-ہیں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org