0
Tuesday 21 Apr 2015 12:35
تحریک انصاف کی حمایت شیعیت کے بنیادی نظریئے کے خلاف ہے

10 شیعہ تنظیموں کا این اے 246 کی نشست پر ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کی بھرپور حمایت کا اعلان

10 شیعہ تنظیموں کا این اے 246 کی نشست پر ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کی بھرپور حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ این اے 246 کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں نامزد متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی ملک بھر سے تعلق رکھنے والی 10 شیعہ تنظیموں نے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور تمام اہل تشیع سے اپیل کی ہے کہ وہ 23 اپریل کے ضمنی الیکشن میں حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان کرنے والی شیعہ تنظیموں میں تنظیم عزاداری پاکستان، تنظیم عزا پاکستان، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، شیعہ فیڈریشن، جعفریہ الائنس، انجمن ذاکرین امامیہ، انجمن ذاکرینِ محمد و آل محمد، ادارہ دین و دانش آل محمد، پاکستان شیعہ کونسل اور ادارہ تبلیغات اسلامی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے این اے 246 کی نشست پر نامزد امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں علامہ زوہیر عباس عابدی، علامہ اطہر مشہدی، علامہ سید علی کرار نقوی، علامہ نواب حیدر عابدی، علامہ قلب جعفر بلگرامی، علامہ عباس جعفری، علامہ سید محسن کاظمی، علامہ توفیق نجفی، علامہ حسن رضا رضوی، ایس ایم نقی، شمس الحسن شمسی اور سید ابرار حسن رضوی نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان شیعہ کونسل و ادارہ دین و دانش علامہ زوہیر عباس عابدی نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح اپنے عہد پر قائم رہتے ہوئے ایک نظریہ کی حمایت کرنے کیلئے اور اسے اپنی قوم تک پہنچانے کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں، ہم پہلے بھی متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت اس لئے کرتے رہے ہیں کہ اس شہر میں اس ملک میں ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس نے کم از کم دو کام ایسے کئے جو کسی جماعت نے کرنے کا سوچا بھی نہیں ہے اور ان دو کاموں میں ایک کام امت مسلمہ کے بکھرے ہوئے تمام فرقوں کو جمع کرنا اور مسلمانوں کو لڑانے کی سامراجی سازشوں کو ختم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے جبکہ دوسرا کام دہشت گردوں کے خلاف اعلان جہاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سامراجی دشمنوں نے ملت مسلمہ کے لوگوں کو فرقہ وارایت کے نام پر بانٹ دیا تھا جبکہ امت مسلمہ کے تمام بکھرے ہوئے فرقوں کو جمع کرنے کا سہرا الطاف حسین کے سر جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 25 سال قبل کراچی میں فرقہ واریت کے نام پر لوگوں کو لڑایا جارہا تھا اور عوام کو یہ نہیں معلوم تھا کہ فرقہ وارایت کے نام پر انہیں کون لڑ ارہا ہے اور فرقہ واریت کے نام پر اس خونریزی کو الطاف حسین اور ان کے ساتھ کام کرنے والوں نے روکا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی ایسی جماعتیں ہیں جو یہ دعویٰ کرتی ہیں کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں لیکن دہشت گرد انہی کی گودوں میں پل رہے ہوتے ہیں۔ ابھی ملک میں الیکشن کے دوران ایک جماعت نے جیتنے کے بعد دہشت گرد جماعت کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا، ایک طرف دہشت گردی کی مذمت اور دوسری طرف پرورش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدور کنور نوید جمیل کو حلقہ این اے 246 کی نشست پر کامیاب کرایا جائے تاکہ شہر سے فرقہ واریت ختم ہو اور حقیقی معنوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جاسکے۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ شیعہ کمیونٹی سب کچھ کرسکتی ہے لیکن طالبان، داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کبھی نہیں کرسکتی، جو طالبان اور داعش کی ذہنیت رکھنے والی تحریک انصاف کی حمایت کر رہے ہیں وہ شیعہ قوم میں سے نہیں ہیں اور یہ عمل شیعیت کے بنیادی نظریئے کے خلاف ہے، جن ظالموں کے خاتمے کیلئے ہم نے گلے کٹوائے ہیں، جانیں دی ہیں، گھر برباد کئے ہیں ہم ان کی حمایت کیسے کرسکتے ہیں، یہ دہشت گردوں کی حمایت کا عمل اپنے مفادات کے حصول کے لئے کسی کا ذاتی فعل ہوسکتا ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ بھی کسی کا پروردہ ہو، جو بنیادی اصولوں سے جو انکار کردے وہ بنیادی طو رپر دائرے سے نکل جاتا ہے، ہماری طالبان، داعش اور ظالموں سے دشمنی چودہ سو سال پرانی ہے ہم اس ظلم کے حامیوں سے اتحاد نہیں کرسکتے۔ شیعہ تنظیموں کے علمائے کرام اور عہدیداران نے حلقہ این اے 246 کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 23 اپریل کو حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل ایڈووکیٹ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور انشاء اللہ کراچی کے لوگوں کو زندہ لاشیں کہنے والی جماعتوں کو عوام 23 اپریل کے دن ان کی سیاسی قبروں میں دفن کردیں گے۔
خبر کا کوڈ : 455800
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش