0
Tuesday 21 Apr 2015 22:25

چین کی حیرت انگیز معاشی ترقی پوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہے،طاہرالقادری

چین کی حیرت انگیز معاشی ترقی پوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہے،طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست اور مخلص ہمسایہ ہے، موجودہ حالات میں چین کے صدر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، چین کی حیرت انگیز معاشی ترقی پوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہے، چین نے یہ مقام اپنی سخت جان محب وطن عوام اور ایماندار سیاسی قیادت کے ذریعے حاصل کیا، بلاشبہ پاک چین دوستی ہمالہ سے بلند اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے اور اس دوستی کی جڑیں دونوں طرف کے عوام کے اندر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے دوران ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ چین دہشت گردی کے خاتمہ اور خطہ میں قیام امن کیلئے بڑی واضح اور مثبت سوچ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شارٹ ٹرم منصوبے اگر اعلان کردہ مدت کے اندر پایہ تکمیل کو پہنچ گئے تو یہ معاشی انقلاب کا پیش خیمہ اور قومی معیشت کو ’’آئی سی یو‘‘ سے باہر لانے میں انتہائی مفید ثابت ہوں گے اور توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل سے گھریلو صارفین کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات اور سستی بجلی ملنے کے ساتھ ساتھ صنعت کا رکا ہوا پہیہ چلے گا اور لاکھوں بیروزگار مزدوروں کو گھر کی دیلیز کے قریب ترین روزگار ملے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جہاں تک چین کے ساتھ ہونے والے معاہدہ کا تعلق ہے تو ان کی افادیت ہر قسم کے شک و شبہ سے بالا ہے تاہم ڈر ہے پاکستان کی نااہل قیادت اور کرپٹ سرکاری مشینری کی روایتی بدنیتی اور تساہل کی وجہ سے ملک اور عوام ان معاہدوں کی افادیت سے محروم نہ رہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ کے موقع پر اعلان کیے گئے 50 فیصد معاہدے ابھی ایم او یوز کی شکل میں ہیں انہیں عمل کے قالب میں نہ ڈھالا گیا تو یہ ملک و قوم کی بہت بڑی بدقسمتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر نے اپنی قومی زبان میں پارلیمنٹ سے خطاب کر کے پاکستانی قیادت کو یہ پیغا م دیا ہے کہ قومیں اپنی زبان اور کلچر سے وابستہ ہو کر ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرپشن کے خاتمہ کے چینی تجربات سے بھی استفادہ کرے یہ بات قابل تقلید ہے کہ چین کے کسی لیڈر یا اس کی اولاد کے بیرون ملک خفیہ اکاؤنٹس اور جائیدادیں نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تجویز دی کہ چینی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر طے پانے والے معاہدوں کی بروقت تکمیل اور ٹرانسپرنسی کو یقینی بنانے کیلئے اہل ایماندار اور ٹیکنیکل افراد پر مشتمل خصوصی کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں فوج کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔‎
خبر کا کوڈ : 455886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش