0
Tuesday 21 Apr 2015 22:32

عوامی مینڈیٹ چھینا گیا تو الیکشن کمیشن کو بھی ذمہ دار سمجھیں گے، فاروق ستار

عوامی مینڈیٹ چھینا گیا تو الیکشن کمیشن کو بھی ذمہ دار سمجھیں گے، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں اگر عوامی مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی، تو الیکشن کمیشن کو برابر کا ذمہ دار سمجھیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جماعت اسلامی شناختی کارڈ چھیننے کا الزام ایم کیو ایم پر لگا رہی ہے، اس نے ہر الیکشن میں لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، ہم جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، جبکہ اگر کسی کا شناختی کارڈ چھینا گیا ہے تو اس کی ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین پروپیگنڈا کرکے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ لوگ اپنی شکست کو تسلیم کرنے کیلئے جواز تلاش کر رہے ہیں، گھوسٹ پولنگ اسٹیشن کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، اگر ضمنی انتخاب میں عوامی مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی، تو اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن کو بھی سمجھیں گے، جبکہ کوئی مسئلہ ہے تو اس کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں، پروپیگنڈا نہ کیا جائے۔

فاروق ستار نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام اختیارات مل گئے ہیں، سب کی فرمائشیں پوری کی جا رہی ہیں، لیکن ہمارے ایک مطالبے کو نہیں مانا جا رہا، الیکشن میں 2 روز رہ گئے ہیں، فافن اور دیگر غیر جانبدار مبصرین کو اب تک کیوں نہیں بلایا گیا ہے۔ اس موقع پر این اے 246 سے ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل نے انتخابی حلقے کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں ووٹرز کی اکثریت غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے، اس لئے ووٹرز کی ممکنہ پریشانی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ واضح رہے کہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 23 اپریل کو ہوگی، جس میں ایم کیو ایم کی جانب سے کنور نوید جمیل، تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی کے راشد نسیم امیدوار ہیں، جبکہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 455893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش