0
Wednesday 22 Apr 2015 23:52

ڈی آئی خان، علامہ رمضان توقیر نے بلوچوں کی قتل مقاتلے کی بائیس سالہ پرانی دشمنی ختم کرادی

ڈی آئی خان، علامہ رمضان توقیر نے بلوچوں کی قتل مقاتلے کی بائیس سالہ پرانی دشمنی ختم کرادی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر اور سردار شفقت خان بلوچ کی کوششوں سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ گاؤں فتح کے دو بلوچ خاندانوں میں قتل مقاتلے سمیت دیگر تنازعات پر مبنی بائیس سالہ دشمنی ختم کر ادی گئی۔ بلوچ ہاوس فتح میں دونوں خاندانوں کے سربراہوں کو گلے ملوایا گیا۔ علاقہ کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جاوید خان بلوچ و شریف خان بلوچ نے دشمنی ختم کرنے کا اعلان کیا۔ جاوید بلوچ نے علاقہ کی روایات کے مطابق شریف خان بلوچ سے معافی مانگی اور جرگہ کے سربراہوں کو روایتی لنگیاں پہنائیں۔ گاؤں فتح کے دو خاندانوں میں قتل مقاتلے سمیت دیگر تنازعات پر مبنی بائیس سالہ دشمنی چل رہی تھی۔ جس میں ایک خاندان کی سربراہی شریف خان بلوچ کر رہے تھے اور دوسرے کی سربراہی جاوید خان بلوچ کر رہے تھے۔ بلوچ خاندان میں دشمنی ختم کرانے کیلئے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر اور سردار شفقت خان بلوچ نے بھرپور کردار ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں کی مسلسل کوششوں کے بعد گاؤں فتح میں بلوچ ہاؤس میں عوامی جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بلوچ قوم کے وڈیروں سمیت عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے راضی نامہ سے دونوں فریقوں کو عوام کے سامنے آگاہ کیا۔ جس کو دونوں فریقوں نے تسلیم کیا۔ فیصلے کے مطابق جاوید خان بلوچ نے علاقائی رواج کے مطابق پوری برادری اور ایک عدد بیل کے ہمراہ بلوچ ہاؤس میں آکر شریف خان بلوچ سے معافی طلب کی، جبکہ کہ ثالثین کی طرف سے جاوید خان بلوچ پر آٹھ لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور مسلمان بھائیوں میں تنازعات ختم کرانا بڑی عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی سے محروم قومیں جہالت کا شکار ہو کرگھمبیر تنازعات کا شکار ہو جاتی ہیں۔ آپس میں پیار محبت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ علم کی روشنی سے نئی نسل کو تربیت دیں۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ قرآن کریم بہترین انداز میں زندگی گزارنے کے اصول بتاتا ہے اور مسلمان شریعت محمدی پر عمل کرکے تمام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ جرگہ کے اختتام پر علامہ محمد رمضان توقیر نے ملک کی ترقی اور مسلمانوں کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 456074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش