0
Thursday 23 Apr 2015 09:45

کراچی، این اے 246 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز

کراچی، این اے 246 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ : شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا، جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، این اے 246 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 57 ہزار 781 ہے، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 186، جبکہ ایک لاکھ 61 ہزار 594 خواتین ووٹرز ہیں، حلقہ میں 213 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امید واروں سمیت 12 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ کسی بھی شخص کو شناختی کارڈ کے بغیر پولنگ اسٹیشنز کے اندر جانے کی اجازت نہیں۔ اپوا گرلز کالج کریم آباد میں ابتک پولنگ کے عمل کا آغاز نہیں ہو سکا ہے، جبکہ بعض پولنگ اسٹیشنر پر امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس نہ پہنچنے پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوا، جبکہ فیڈرل کیپیٹل ایریا میں پولنگ اسٹیشن نمبر 172 اور 173 کو ختم کر دیا گیا، پولنگ اسٹیشنز میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے 3 ہزار سے زائد ہے، جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے ہابر ووٹرز کا احتجاج بھی جاری ہے۔

این اے 246 میں تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیتے ہوئے پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جاری ہے، جس کے لئے ڈپٹی کمشنر وسطی کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، ہر پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہیں، جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر رینجرز کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کا اختیار حاصل ہے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے 7 ہزار 300 پولیس اہلکاروں سمیت 3 پلاٹونز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عوامی نمائندگی ایکٹ کے مطابق کسی بھی امیدوارکو ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز پر لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اگر کوئی بھی امیدوار عوامی نمائندگی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے 3 سال کی سزا ہو سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس ایمرجنسی کی صورت میں پولنگ عملے کا بیک اپ بھی موجود ہے۔ واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 246 پر ایم کیو ایم کے امیدوار نبیل گبول ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، تاہم مارچ میں ان کے استعفیٰ کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 456124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش