QR CodeQR Code

سراج الحق کا یمن پر سعودی فضائی حملے روکنے کے اعلان کا خیرمقدم

23 Apr 2015 16:19

اسلام ٹائمز؛ جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے اس فیصلے نے اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے عالم اسلام کو باہمی جنگ و جدل کی دلدل میں دھکیلنے کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سعودی عرب کی طرف سے یمن پر فضائی آپریشن کے خاتمہ کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے اس فیصلے نے اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے عالم اسلام کو باہمی جنگ و جدل کی دلدل میں دھکیلنے کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے، عالم اسلام کی قیادت کو چاہئے کہ مل بیٹھ کر مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے اور مغربی و استعماری قوتوں کو اپنے مسلم دشمن ایجنڈے کی تکمیل کا موقع نہ دیں، آپس کی غلط فہمیوں اور شکر رنجیوں کو مل بیٹھ کر ختم کیا جاسکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسلم حکمران باہمی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپس کی لڑائیوں کے خدشہ کو ہمیشہ کیلئے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں، باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور امت کے وسیع تر اتحاد کیلئے مشترکہ منڈی، مشترکہ کرنسی اور مشترکہ فوج کے قیام کی طرف پیش قدمی کریں تاکہ دنیا میں غلبہ اسلام کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔ سراج الحق نے کہا کہ سعودی عرب نے ایئر سٹرائیک بند کرنے کا اعلان کرکے انتہائی حکمت اور دانشمندی سے مسلم دنیا کو ایک خطرناک جنگ سے بچا لیا ہے، اب او آئی سی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سعودی عرب کی طرف سے امن کی ان کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے آگے بڑھے اور خطے کے دیگر مسلمان ممالک کو اعتماد میں لیکر جمہوری جدوجہد کے ذریعے حالات کو تبدیل کرنے پر آمادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ آپس کی تلخیوں کے خاتمہ کیلئے سرجوڑ کر بیٹھیں اور استعماری اور مغربی قوتوں کے امت مسلمہ کے خلاف ناپاک عزائم کوناکام بنادیں۔


خبر کا کوڈ: 456210

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/456210/سراج-الحق-کا-یمن-پر-سعودی-فضائی-حملے-روکنے-کے-اعلان-خیرمقدم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org