0
Friday 24 Apr 2015 02:55

عوام نے ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیکر تمام الزامات اور میڈیا ٹرائل کو مسترد کر دیا، الطاف حسین

عوام نے ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیکر تمام الزامات اور میڈیا ٹرائل کو مسترد کر دیا، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر ایم کیو ایم کو اپنا مینڈیٹ دے کر ثابت کر دیا کہ حق پرست عوام اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں، اور ہم پر لگائے جانے والے تمام من گھڑت اور بے بنیاد الزامات اور میڈیا ٹرائل کو مسترد کر دیا ہے۔ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے امیدوار کنور نوید جمیل کی کامیابی کے بعد کارکنان سے ٹیلیفونک خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حق پرست عوام نہ ہی میڈیا ٹرائل سے اور نہ ہی ریاستی جبر سے خوفزدہ ہونے والے ہیں، آج عوام نے ثابت کر دیا کہ انہیں مائنس ون فارمولا پہلے قبول تھا اور نہ آج قبول ہے، اور نہ ہی وہ ایم کیو ایم سے دور ہو سکتے ہیں، اس لئے کہتا ہوں کہ زبان خلق کو نقارہ خدا سمجھو۔

الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دشمنوں نے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کئے مگر اللہ نے ہماری عزت رکھی۔ ایم کیو ایم کے قائد نے این اے 246 سے کامیاب امیدوار کنور نوید جمیل کو مبارکباد دیتے ہوئے 3 روزہ جشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اور عوام تحریک کی کامیابی پر شکرانے کے نوافل ادا کریں اور جشن ضرور منائیں، لیکن ساسی مخالفین کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ دوسروں کے مینڈیٹ کا احترام کیا، اس لئے ہمارے میںڈیٹ کو تعصب کی نذر نہ کیا جائے اور حقیقت کو تسلیم کیا جائے، کارکنان نے تمام سختیوں کا سامنا کیا، لیکن ظلم کے آگے کبھی سر نہیں جھکایا، جبکہ خوف کے بعد بھی ایم کیو ایم کی ماؤں اور بہنوں نے ہمت نہیں ہاری، جس کا صلہ کامیابی کی صورت میں ملا۔
خبر کا کوڈ : 456262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے