QR CodeQR Code

رواں برس ایک لاکھ 43 ہزار 368 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے، سردار یوسف

24 Apr 2015 14:48

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ رواں سال کی حج پالیسی کے مطابق جو پیکج تیار کیا گیا ہے وہ گزشتہ سال سے کم ہے، گزشتہ سال شمالی ریجن میں سرکاری حج پیکج 2 لاکھ 72 ہزار 231 تھا جسے اس سال کم کر کے 2 لاکھ 64 ہزار 971 روپے رکھا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال ایک لاکھ 43 ہزار 368 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جب کہ رواں برس سرکاری حج پیکج 2 لاکھ 64 ہزار 971 روپے رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حج پالیسی 2015ء کا اعلان کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ رواں سال کی حج پالیسی کے مطابق جو پیکج تیار کیا گیا ہے وہ گزشتہ سال سے کم ہے، گزشتہ سال شمالی ریجن میں سرکاری حج پیکج 2 لاکھ 72 ہزار 231 تھا جسے اس سال کم کر کے 2 لاکھ 64 ہزار 971 روپے رکھا گیا ہے جب کہ جنوبی ریجن کا حج پیکج 2 لاکھ 62 ہزار 231 روپے سے کم ہوکر 2 لاکھ 55 ہزار 971 ہے، قربانی کے لئے حاجیوں کو 14 ہزار 210 روپے اضافی جمع کرانا ہوں گے، رواں سال ایک لاکھ 43 ہزار 368 عازمین حج کو جائیں گے اور جب تک حرم شریف کی توسیع کا کام مکمل نہیں ہوتا اتنی تعداد میں ہی عازمین حج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج درخواستیں جمع کرانے کے لئے 6 بینک مقرر کئے گئے تھے جنہیں اس سال بڑھا کر 10 کردیا گیا ہے جن میں نیشنل بینک، الائیڈ بینک، مسلم کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، زرعی ترقیاتی بینک، بینک الفلاح، میزان بینک، حبیب میٹروپولین بینک اور پنجاب بینک شامل ہیں، حج درخواستیں 27 اپریل سے لے کر 8 مئی 2015ء تک ان مخصوص بینکوں کی برانچوں سے لی جاسکیں گی اور 14 مئی کو قرعہ اندازی ہوگی۔

سردار یوسف کا کہنا تھا کہ 2014ء کی حج پالیسی کو سب لوگوں نے بہت پسند کیا تھا جس سے حکومت اور ملک کی نیک نامی ہوئی اور خاص طور پر حجاج کرام مطمئن ہوئے لہٰذا رواں سال بھی اسی پالیسی کو معمولی تبدیلی کے ساتھ برقرار رکھا گیا ہے، گزشتہ سال کسی کو مفت حج نہیں کروایا گیا اس سال بھی فری حج کی کوئی اسکیم نہیں ہے، حج کے لئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ لازمی ہوگا اور وہ لوگ جنہوں نے 5 سال میں حج کیا ہے وہ حج پر نہیں جاسکیں گے تاہم ایسے افراد محرم یا حج بدل کی صورت میں جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال عازمین حج کو کھانے کی سہولت دی جائے گی، 50 فیصد عازمین مدینہ اور 50 فیصد جدہ ایئرپورٹ پہنچیں گے اور اسی طریقے سے واپس آئیں گے جب کہ تمام ایئر لائنز اسی کے مطابق کرایہ رکھیں گی، میڈیکل مشن میں 450 لوگ بھیجے جائیں گے اور معاونین کے طور پر 450 افراد جائیں گے جب کہ عازمین کی خدمت کے لئے 200 دیگر افراد بھی جائیں گے اور مکہ مکرمہ میں عازمین کے لئے 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کا انتظام ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 456328

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/456328/رواں-برس-ایک-لاکھ-43-ہزار-368-عازمین-حج-کی-سعادت-حاصل-کریں-گے-سردار-یوسف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org