0
Sunday 26 Apr 2015 10:39

پیپلز پارٹی آج لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

پیپلز پارٹی آج لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی آج کراچی میں اپنا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ لیاری کے ککری گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ جلسے کی سکیورٹی کے لئے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ککری گراؤنڈ میں پی پی پی کے جلسے کے ساتھ ہی لیاری کے حالات بھی کشیدہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی 30 اور کے نائن (کتوں کے ذریعے نگرانی) کی سات ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔ جس میں سے کراچی کی 12 جبکہ اندرون سندھ بم ڈسپوزل کی 18 ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔

جلسہ گاہ کے ایک کلومیٹر اطراف کے علاقے کو غیر اعلانیہ ریڈزون بھی قرار دے دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے جلسے کی تیاری کے سلسلے میں سمندر میں کشتیوں کی ریلی نکالی۔ بم ڈسپوزل اور کے نائن یونٹ نے جلسہ گاہ کے اطراف رہائشی عمارتوں کی سوئپنگ بھی کی ہے۔ کے پی ٹی فٹبال گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے جہاں آصف زرداری کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے آمد متوقع ہے، جہاں بم ڈسپوزل کی ایک ٹیم موجود ہو گی۔ جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر بم ڈسپوزل کی ایک ایک ٹیم موجود ہو گی۔ جلسے کے لیے پچاس واک تھرو گیٹس، پچاس میٹل ڈیٹکٹر، پچاس پراڈر، پندرہ ایکسپلوزیو ڈیڈکٹر اور دس مائن ڈیڈکٹر استعمال کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ طویل عرصے سے لیاری کو پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا مگر 2007ء کے بعد گینگ وار میں تیزی اور ترقیاتی کام نہ ہونے سے اس علاقے میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ لیاری سے پیپلز پارٹی کے اہم رہنما نبیل گبول بھی ایم کیو ایم میں شامل ہو گئے تھے جس کے بعد پی پی پی کا علاقے میں کوئی بڑا رہنما سامنے نہیں آ سکا ہے۔ لیاری میں ہونے والے جلسے سے پیپلز پارٹی اپنی عوامی طاقت کے مظاہرے کے ساتھ کراچی کے اس اہم علاقے میں دوبارہ سیاسی حمایت حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 456570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش