0
Sunday 26 Apr 2015 16:25
شریف برادران آل سعود کی وفاداری نبھا رہے ہیں

ہم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے آمادہ لیکن آل سعود کے تحفظ کیلئے تیار نہیں ہیں، خورشید شاہ

ہم حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے آمادہ لیکن آل سعود کے تحفظ کیلئے تیار نہیں ہیں، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ نے اپنے دوہ اسکردو کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ قومی مفاد کو داؤ پر لگایا ہے، ہم بھی حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے تیار ہیں لیکن آل سعود کے تحفظ کیلئے بالکل بھی تیار نہیں، شریف برادران آل سعود کی وفاداری نبھا رہے ہیں، ملکی مفاد میں ہمارا ساتھ ہونے پر مسلم لیگ نواز کی حکومت اب تک قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ کنٹینر پر اکیلا بھی رہ گیا تو تب بھی میں دھرنا دونگا، عمران خان کو کراچی کے عوام نے اپنی اصلیت دکھا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت دی ہے۔ نواز شریف ہمارے دور کے پراجیکٹس پر اپنی تختی لگا رہے ہیں اور ہمارے مینڈیٹ کو چوری کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کو صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی ان کے حقوق دلا سکتی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت مظلوم اور غریب طبقے کی جماعت ہے۔ نواز شریف نے جھوٹے اعلانات کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کو بہلانے کی کوشش کی ہے، گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں، وہ کسی کے بہکاوے میں کبھی نہیں آئیں گے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے جی بی کو داخلی خود مختاری دی ہے۔ عوام خوب جانتی ہے کہ کس جماعت نے گلگت بلتستان کے لئے کیا کیا ہے اور کونسی جماعت گلگت بلتستان کے ساتھ مخلص ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ جھوٹے وعدوں کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کو بے وقوف بنایا جاسکے گا تو یہ اُس کی بھول ہے اور وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ نواز شریف نے الیکشن کے موقع پر جھوٹی اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔ نواز شریف اور اس کی حکومت نے پاکستان میں بھی بڑی بڑی اسکیموں کا اعلان کیا، لیکن انہوں نے اپنے اعلانات بھلا دیئے ہیں، نواز لیگ کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ اسکیموں کا اعلان کرکے بھول جایا کرتی ہے، اگر نواز لیگ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مخلص ہے تو گھٹنوں کے بل آکر یہاں کے عوام کے مسائل حل کریں، اگر نواز لیگ کی حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ مخلص ہوتی تو دو سال پہلے اسکیموں کا اعلان کرتی۔
خبر کا کوڈ : 456642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش