0
Sunday 26 Apr 2015 23:11
پرویز مشرف کی باقیات نے لیاری میں خون کی ہولی کھیلی

نوجوان نسل پارٹی قیادت جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور میں حکومت سنبھالیں گے، آصف زرداری

بلاول اور آصفہ کے آنے تک پارٹی کا جھنڈا سنبھالے رکھوں گا
نوجوان نسل پارٹی قیادت جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور میں حکومت سنبھالیں گے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی باقیات نے لیاری میں خون کی ہولی کھیلی، تاہم اب دوبارہ لیاری کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پارٹی کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں دینے کا وقت آگیا ہے، بلاول بھٹو اور آصفہ کے برسر اقتدار آنے تک پارٹی جھنڈا سنبھال کر رکھوں گا۔ کراچی کے علاقے لیاری کے ککری گراؤنڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب میں سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام کا جوش اور ولولہ دیکھ رہا ہوں، لیاری نے ہمیشہ ہمارے دل کو خوش کیا ہے، لیاری آج بھی پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے شہیدوں کے نام لوں تو رات گزر جائے گی، ہر الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی نئے ولولے سے زندہ ہوتی ہے، کپتان صاحب کو دکھ ہے کہ الیکشن چوری ہوگیا، پیپلز پارٹی کے کتنے الیکشن چوری ہوگئے ہیں، کوئی بتائے گا، پیپلز پارٹی کے خلاف ہر الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پہلا جلسہ میں نے لیاری میں ہی کیا تھا، ایک زمانے میں لیاری نے مجھے ایم این اے بنایا، جب پوری کراچی میں مسئلہ ہوتا تھا تو لوگ لیاری میں پناہ لیتے تھے، تاہم مشرف کی باقیات نے لیاری میں خون کی ہولی کھیلی، میرے دو بچے لیاری میں پیدا ہوئے، اسی گراؤنڈ پر بی بی کے ساتھ دلہا بن کر آیا تھا، ہم بھٹو کے فلسفے پر چلتے ہیں، لیاری کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

انہوں نے اپنے صاحبزادے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلاول اکثر مجھ سے چھپ کر لیاری آ جاتا ہے، لیاری میں بلاول بھٹو انجینیرنگ کالج قائم کریں گے، لیاری میں پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ کو 3ماہ دیئے ہیں، لیاری کیلئے ایک ارب روپے ترقیاتی فنڈز کا تحفہ لایا ہوں، وقت آگیا ہے کہ پارٹی کی قیادت ناجوانوں کے ہاتھوں میں دیں، بلاول بھٹو اور آصفہ کے آنے تک پیپلز پارٹی کا جھنڈا سنبھال کر رکھوں گا۔ چین کے صدر کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں اور میرے تمام کارکنان چینی اشتراک سے چلنے والے تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھرپور تعاون فراہم کریں گے، ملک میں چینی سرمایہ کاری کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے، چین سے تعلقات کا آغاز پیپلز پارٹی نے کیا، ہمیں چین کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے، جبکہ دونوں ممالکے کے درمیان تعلقات نہایت اہم نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے لگے ہاتھوں بھارتی حکومت کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت میرے کشمیری بھائیوں کو تنگ نہ کرے۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فلسفہ ہے، ہم عوامی خدمت کیلئے سیاست کرتے ہیں اور یہ خدمت ہمیشہ کرتے رہیں گے، ایک زمانہ تھا جب ہم لیاری میں سڑکوں پر گھوما کرتے تھے، لیکن مشرف کی باقیات نے لیاری کو خون کی ہولی میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال بعد الیکشن ہونے والے ہیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اسے نوجوانوں کے ہاتھ میں دیں گے، نوجوان نسل پارٹی قیادت سنبھالے، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور میں حکومت سنبھالیں گے، جبکہ بلاول اور آصفہ کے آنے تک پارٹی کا جھنڈا سنبھالے رکھوں گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ بات ماننے کو تیار نہیں کہ پیپلز پارٹی پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مقبول نہیں، پارٹی پر ایسا وقت بھی آیا کہ محترمہ کو صرف 14 نشستیں ملیں، لیکن اس کے بعد پارٹی ایک نئے جوش و ولولے سے آگے بڑھی۔

آصف زرداری نے کہا کہ الیکشن میں ڈھائی سال باقی ہیں اور لیاری سے آئندہ الیکشن کے سفر کا آغاز شروع کر دیا، جس کے لئے ملک بھر میں جلسے کریں گے اور عوام کے حقوق کی خاطر ہر سطح پر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کیلئے ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا تحفہ لایا ہوں، جس سے کم آمدنی والے افراد کے لئے فلیٹس بنائے جائیں گے، علاقے میں بلاول انجینئرنگ کالج بنایا جائے گا، جبکہ ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کریں گے، لیاری میں پانی کے مسئلے سے آگاہ ہیں، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو تین ماہ میں علاقے میں پانی کا مسئلہ ختم کرنے کا وقت دیا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ بھارت کو کہتا ہوں کہ کشمیروں کو تنگ کرنے سے باز آجائے، اگر انڈیا کے مسلمانوں نے مسئلہ کشمیر کو اٹھا دیا، تو بھارت کے لئے مشکلات کھڑی ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین سے پاکستان آنے والی سرمایہ کاری کو ڈی ریل ہونے نہیں دیں گے اور اقتصادی راہداری میں بلوچوں کے حقوق کو یقینی بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 456702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش