0
Wednesday 29 Apr 2015 22:30

گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کیا گیا تو منصوبے کو کالا باغ ڈیم کی طرح دفن کردینگے، اے این پی

گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کیا گیا تو منصوبے کو کالا باغ ڈیم کی طرح دفن کردینگے، اے این پی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈاکٹر عنایت اللہ نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کو کسی صورت تبدیل نہیں ہونے دینگے۔ کیونکہ پشتون قوم کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ ملک میں جمہوری نظام کو پامال کیا جا رہا ہے۔ اے این پی ہر اس میگا پروجیکٹ کی مخالفت کریگی، جو پشتون قوم کی بقاء کیخلاف ہوں۔ مقتدر قوتوں نے پشتونوں کو قتل عام میں نہلا کر پنجاب کے مفادات کا خیال رکھا۔ اے این پی نے آج تک کسی آمر قوت کے سامنے سر نہیں جھکایا تو پنجاب کے سامنے کیا جھکائینگے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سردار اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ہاکی گراؤنڈ میں پشتونوں نے ثابت کر دیا کہ وہ آج بھی اپنے حقوق کیلئے متحد ہیں۔ پشتونوں کو ایک سازش کے تحت افغانستان میں 40 سال تک اسلام کے نام پر آپس میں دست و گریباں کیا۔ پھر خیبر پختونخوا میں 40 ہزار سے زائد پشتونوں کو جنگ و جدل میں پھنسا کر شہید کیا گیا۔ جب سلالہ چیک پوسٹ اور آرمی پبلک سکول پر حملے ہوئے تو حکومت اور مقتدر قوتوں نے انہیں اپنی جنگ قرار دیا جبکہ پشتونوں کے قتل عام پر کسی نے اسے اپنی جنگ قرار نہیں دیا۔ بلکہ اس کو اسلام اور کفار کا جنگ قرار دیتے رہے۔ جن قوتوں نے ہمارے علاقوں پر جنگ مسلط کر رکھی ہے ان کو اپنا حساب دینا ہوگا ہمیں معلوم ہے کہ ہمارا دشمن کون ہے۔ اسی قتل عام کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے چین سے کئے گئے معاہدوں سے متعلق مفادات خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کی بجائے پنجاب کے مفادات کو مدنظر رکھ کر تمام میگا پروجیکٹس کو وہاں شروع کئے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مائی کا لال گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کرسکتا اور ہم ان قوتوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر روٹ کو تبدیل کردیا گیا تو پورے ملک میں دمادم مست قلندر ہوگا۔ بلوچستان میں کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ ملکر گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کرکے پنجاب کی طرف موڑ رہے ہیں۔ جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔ جس دن وفاقی وزیر احسن اقبال کوئٹہ آئیں گے تو کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائیگی۔ اس کے اگلے روز پشتون علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ حکومت میں شامل ایک پشتون قوم پرست جماعت نے اپنی مفادات کی خاطر گوادر کاشغر روٹ پر خاموشی اختیار کرلی۔ جب تک اے این پی کا ایک کارکن بھی زندہ ہے تو کوئی گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ پشتون قوم کے مستقبل کے تعین کا فیصلہ عوامی نیشنل پارٹی کریگی۔ گوادر کاشغر روٹ سے متعلق جلد بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے جائینگے اور آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چائنا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں پشتون اور بلوچ قوم کو نظر انداز کرکے صرف پنجاب کے خواہشات کو مدنظررکھا۔ اگر اس بار بھی پشتون قوم کو نظر انداز کیا گیا تو ملک میں ایسے حالات پیدا ہونگے جس کی ذمہ داری وفاق اور بلوچستان حکومت میں شامل قوم پرستوں پر عائد ہوگی۔ یہ ژوب اور قلعہ عبداللہ کو نہیں بنا سکتے۔ تو جنوبی پشتونخوا کہاں سے بنائیں گے۔ پشتون اور بلوچ کی برابری کی باتیں کرنے والوں نے گورنرشپ اور چند وزارتوں کے لالچ میں آکر پشتون قوم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا مگر افسوس ہے کہ حکومت میں ہوتے ہوئے گوادر کاشغر روٹ سے متعلق مطالبہ کس سے کررہے ہیں۔

جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے چند قراردادیں بھی منظور کرلی گئی۔ قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشتگردی سے متعلق تمام سیاسی و عسکری قوتوں نے ملک کے مفاد میں جو 20 نکاتی قومی ایکشن پلان تیار کیا تھا، اے این پی بلوچستان اس ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرانے پر مکمل عدم اطمینان کا اظہار کرتی ہے۔ پارٹی سمجھتی ہے کہ حکومت اور بعض قوتیں پرانی پالیسی کو جوں کے توں رکھ کر ریاستی ڈھانچے کو کمزور اور اس ملک کو 18 کروڑ عوام کو جنگ اور آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔ اے این پی مطالبہ کرتی ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔ گوادر کاشغر روٹ کو پشتون سمیت دیگر محکوم اقوام کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے محکوم اقوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف سمجھتے ہیں۔ بلوچستان میں بدترین لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ناروا لوڈشیڈنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ڈیرہ اسماعیل خان براستہ ژوب ٹرانسمیشن لائن کو بچھا کر ذمہ داروں کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل کرکے زراعت اور کاروبار کو بچایا جائے۔ نادرا افغان کڈوال کو محض بہانہ بناکر پشتون عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں رکاوٹیں حائل کرنے کو سازش قرار دیتے ہوئے اسی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنماء ارباب عبدالظاہر کاسی، ڈسٹرکٹ چئیرمین کوئٹہ ملک محمد نعیم بازئی سمیت دیگر پارٹی رہنماء بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 457401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش