0
Friday 3 Dec 2010 00:15

پولیس وکی لیکس کے بانی کا پتہ جانتی ہے،برطانوی اخبار

پولیس وکی لیکس کے بانی کا پتہ جانتی ہے،برطانوی اخبار
لندن:اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق برطانوی روزنامے نے دعوی کیا ہے وکی لیکس کے بانی جولیان اسانزے برطانیہ میں ہیں۔پولیس انہیں گرفتار کرنے سے گریز کر رہی ہے۔روزنامہ انڈیپنڈنٹ کے مطابق انتالیس سالہ جولین اسانزے اکتوبر میں برطانیہ پہنچے تھے۔پولیس کے مطابق جولیان اسانزے نے برطانیہ آنے کے بعد پولیس کو اپنے بارے میں تفصیلات فراہم کر دی تھیں۔پولیس ان کی رہائش اور ٹیلی فون نمبر سے واقف ہے۔اخبار کا کہنا ہے کہ اسانزے جنوبی مشرقی انگلینڈ میں کسی مقام پر موجود ہیں۔ 
انٹرپول نے سوئیڈن میں خواتین سے زیادتی کے الزامات میں سانزے کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔لندن میں جولیان اسانزے کے وکیل کا کہنا ہے برطانیہ میں وکی لیکس کے بانی کی گرفتاری چیلنج کی جائے گی۔جولیان اسانزے پانچ نومبر کو جنیوا میں پریس کانفرنس کے بعد منظر عام سے غائب ہیں اور صرف انٹرنیٹ کے ذریعے میڈیا سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ 
دوسری جانب سفارتی دستاویز کے افشا کے بعد ایمزون ڈاٹ کام نے وکی لیکس کی ہوسٹنگ بند کر دی ہے۔امریکی سینیٹر جو لبرمین نے ایمزون ڈاٹ کام پر وکی لیکس کی بندش کا فیصلہ درست قرار دیا اور کہا کہ ایمزون ڈاٹ کام کو یہ کام بہت پہلے کرنا چاہئے تھا۔وکی لیکس کے ترجمان نے لندن میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی سفارت کاروں کی باتیں منظر عام پر لانے کا مقصد بیان کیا۔ان کا کہنا تھا سفارت کاروں کا کام سفارت کاری ہے،جاسوسی نہیں۔انہوں نے امریکی فوج کے راز مستقبل میں بھی افشا کرنے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 45770
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش