QR CodeQR Code

یمن کا مسئلہ مقامی ہے اور اسے وہیں دفنا دینا چاہئے، سراج الحق

2 May 2015 18:54

اسلام ٹائمز: منصورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ یمن کے مسئلہ کو شیعہ سنی تنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو تباہی و بربادی اور فساد فی الارض کے سوا کچھ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام سیاسی جرگہ کی بہت بڑی کامیابی ہے، سیاسی جرگہ نے ملک و قوم کو بڑے بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یمن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ یمن کا مسئلہ مقامی ہے اور اسے وہیں دفنا دینا چاہئے، یمن کے مسئلہ کو شیعہ سنی تنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو تباہی و بربادی اور فساد فی الارض کے سوا کچھ نہیں، ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں، پاکستان کو ترکی کے ساتھ مل کر اس میں ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یمن کی جنگ میں عالم اسلام کا نقصان ہوا ہے جبکہ اسلام دشمن قوتوں کا فائدہ ہے، سعودی عرب حکومت میں اعلیٰ سطحی تبدیلیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ سعودی حکومت عوام کے خواہش کے مطابق حکومت تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں جماعت اسلامی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں جماعت اسلامی ایک بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 457877

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/457877/یمن-کا-مسئلہ-مقامی-ہے-اور-اسے-وہیں-دفنا-دینا-چاہئے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org