QR CodeQR Code

بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان میں مداخلت کرکے انتشار پھیلا رہی ہے، ایم کیو ایم

3 May 2015 21:55

اسلام ٹائمز: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کراچی اور لندن کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ملک کے مختلف حصوں میں غیر ملکی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر ملکی قوتیں بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ صوبہ بلوچستان، سندھ، فاٹا اور ملک کے دیگر حصوں میں مداخلت کرکے انتشار پھیلا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ملک کے مختلف حصوں میں غیر ملکی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں الطاف حسین کی حالیہ تقریر پر بعض سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اور کہا گیا کہ آج جو سیاسی مخالفین الطاف حسین کی تقریر پر بے جا تنقید کر رہے ہیں، ان میں سے بیشتر نے مختلف مواقعوں پر فوج کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کئے، جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم تمام تر رکاوٹوں اور مخالفتوں کے باوجود قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں قائداعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ اقبالؒ کی تعلیمات کے مطابق پاکستان کو روشن خیال، لبرل، جمہوری اور ترقی پسند ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی، اور ایک دن ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا، اور پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان کے استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی، اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان کی سربلندی اور تحریکی مشن و مقصد کے حصول کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 458108

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/458108/بھارتی-ایجنسی-را-پاکستان-میں-مداخلت-کرکے-انتشار-پھیلا-رہی-ہے-ایم-کیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org