0
Monday 4 May 2015 23:50

ٹڈاپ اسکینڈل میں یوسف گیلانی، مخدوم امین فہم و دیگر کیخلاف تحقیقات دوبارہ شروع

ٹڈاپ اسکینڈل میں یوسف گیلانی، مخدوم امین فہم و دیگر کیخلاف تحقیقات دوبارہ شروع
اسلام ٹائمز۔ اربوں روپے مالیت کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم اور دیگر بااثر ملزمان کے خلاف تحقیقات دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد نے یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم، سابق اسسٹنٹ سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس محمد زبیر اور دیگر ملزمان کے خلاف تحقیقات کئی ماہ کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ گزشتہ دور حکومت میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے نے 2 سال قبل شروع کی تھیں، اور تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا تھا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فریٹ سبسڈی کی مد میں 5 ارب روپے سے زائد کاغذی کمپنیوں کو جاری کئے گئے، اور اس میں اس وقت کے وزیراعظم، وزیر تجارت، اسسٹنٹ سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس اور دیگر بااثر بیوروکریٹس براہ راست ملوث تھے۔ ایف آئی اے نے اس سلسلے میں مجموعی طور پر 60 سے زائد مقدمات درج کئے ہیں، جن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مخدوم امین فہیم، اعلیٰ ترین بیوروکریٹس، ٹڈاپ کے افسران، کاغذی کمپنیوں کے مالکان، سیاستدانوں کے فرنٹ مین، بینکرز اور مڈل مین کا کردار ادا کرنے والے افراد کو نامزد اور گرفتار بھی کیا گیا۔

چند ماہ قبل ایف آئی اے کرائم سرکل کراچی نے مالی اسکینڈل کے اہم کردار اور یوسف رضاگیلانی کے دست راست محمد زبیر کو گرفتار کیا، تو دوران تفتیش گزشتہ دور حکومت میں کی جانے والی کرپشن سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں، تاہم بعد ازاں تحقیقات کو روک دیا گیا۔ چند دن قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تحقیقات کو سرد خانے کی نذر کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز منتقل کئے جانے والے دونوں مقدمات میں ایک مرتبہ پھر تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اور اس سلسلے میں ڈپٹی سیکریٹری پرائم منسٹر ہاؤس کے اعترافی بیان کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں ایف آئی اے کی جانب سے اہم اور بااثر سیاسی شخصیات کیخلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 458420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش