0
Saturday 4 Dec 2010 15:01

وزیراعظم کی افغان صدر سے ون آن ون ملاقات،دہشتگردی کیخلاف افغانستان سے ہر ممکن تعاون کرینگے،گیلانی

وزیراعظم کی افغان صدر سے ون آن ون ملاقات،دہشتگردی کیخلاف افغانستان سے ہر ممکن تعاون کرینگے،گیلانی
کابل:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی دو روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں،جہاں انہوں نے صدارتی محل میں صدر حامد کرزئی سے ون آن ون ملاقات کی،جس میں دو طرفہ تعلقات،سکیورٹی کی صورتحال سمیت اعتماد سازی کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم دیگر افغان قیادت اور تاجر برادری سے ملاقاتوں میں باہمی اعتماد اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیراعظم کے وفد میں وزیر داخلہ رحمن ملک،وزیر ریلوے غلام احمد بلور کے علاوہ دیگر شخصیات بھی شامل ہیں۔
 وزیراعظم افغان نائب صدور قاسم فہیم،کریم خلیلی،اسپیکر وولسی جرگہ یونس قانونی،چیئرمین ہائی کونسل فار پیس برہان الدین ربانی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ کے امور پر بات چیت کی جائیگی۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کل افغان تاجروں کے ساتھ ناشتے کی میز پر ملاقات کریں گے،جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کے فروغ پر بات کی جائیگی۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے۔وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی افغانستان کے دو روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں انہوں نے افغان صدر حامد کرزئی سے ون آن ون ملاقات کی ہے۔کابل میں افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ صدر کرزئی سے ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بڑھانے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کے مسائل سے آگاہ ہونا پڑے گا۔
افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی کا دورہ افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔پاکستانی وزیراعظم سے دہشتگردی اور دیگر مسائل پرگفتگو ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ افغانستان آمد پر یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عدم اعتماد کی فضا کو کم کرنا ہو گا۔وزیراعظم گیلانی افغانستان کے دو روزہ دورے پر کابل پہنچے ہیں۔کابل پہنچنے پر افغانستان کے وزیر تعلم فاروق وردگ نے ان کا استقبال کیا۔

خبر کا کوڈ : 45915
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش