QR CodeQR Code

افغانستان، طالبان حملہ، 13 افغان پولیس اہلکار ہلاک

7 May 2015 21:21

اسلام ٹائمز: صوبہ بدخشاں کے ڈائریکٹر صحت نور محمد کے مطابق طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 18 بارڈر پولیس اہلکاروں کی لاشیں محکمہ صحت کے حکام نے وصول کی ہیں جبکہ 8 زخمی بھی ان کے پاس لائے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ قندوز کے دور افتادہ افغان پہاڑی علاقے کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے کے دوران 13 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے طالبان نے اسی صوبے میں مختلف چیک پوسٹوں پر حملہ کر کے 18 افغان فوجیوں کو قتل کر دیا تھا۔ افغان وزیر داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے امن دشمنوں نے بدخشاں کے ضلع واردوج میں پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں 13 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 17 زخمی ہوئے جبکہ حملے کے بعد لاپتہ ہونے والے 10 پولیس اہلکار چیک پوسٹ پر واپس لوٹ آئے ہیں۔ صوبہ بدخشاں کے ڈائریکٹر صحت نور محمد کے مطابق طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 18 بارڈر پولیس اہلکاروں کی لاشیں محکمہ صحت کے حکام نے وصول کی ہیں جبکہ 8 زخمی بھی ان کے پاس لائے گئے۔ ملک میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرنے والے طالبان جنگجوؤں کی جانب سے مذکورہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی گئی ہے۔

نیٹو کی افواج کا گزشتہ سال دسمبر میں افغانستان سے انخلاء ہوگیا تھا جبکہ افغانستان میں اب 12500 امریکی فوجی مقامی سیکیورٹی فورسز کی ٹریننگ اور مدد کے لیے یہاں موجود ہیں۔ گزشتہ دنوں قطر میں افغان امن مذاکراتی عمل کے حوالے بحث کا دو روزہ سیشن اختتام پذیر ہوا، جس میں اقوام متحدہ کے اہم عہدیداروں، افغان حکام اور طالبان کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ دو روزہ بحث میں افغان حکام کے جنگ بندی کے مطالبہ پر طالبان نے زور دیا کہ جنگ بندی اس وقت نہیں ہو سکتی جب تک تمام غیر ملکی فوجیں افغانستان سے نکل نہیں جاتیں۔


خبر کا کوڈ: 459159

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/459159/افغانستان-طالبان-حملہ-13-افغان-پولیس-اہلکار-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org