QR CodeQR Code

اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کا اجلاس 12 مئی کو طلب

9 May 2015 23:40

اسلام ٹائمز:اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے لئے حکومت کے تجویز کردہ فارم پر متفقہ سفارشات تیار کی جائیں گی۔ جو بعدازاں وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ سے ملاقات میں زیر بحث لائی جائیں گی۔ وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری مولانا محمد افضل حیدری نے واضح کیا ہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان حکومتی رجسٹریشن فارم کو مسترد کر چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کا اجلاس 12 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت آئی ٹی ایم پی کے صدر مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ جس میں حکومت کی طرف سے مدارس دینیہ کے خلاف مبینہ مہم، رجسٹریشن، حکومت سے ہونے والے مذاکرات اور دینی مدارس کے خلاف ہونے والی سیکولر لابی کی سازشوں کے خلاف لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ اجلاس میں پانچوں ممبر وفاق المدارس کی مرکزی قیادت شریک ہو گی۔ جن میں وفاق المدارس الشیعہ کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، نائب صدر مولانا نیاز حسین نقوی، سیکرٹری مولانا محمد افضل حیدری، وفاق المدارس العربیہ کے قاری حنیف جالندھری، وفاق المدارس السلفیہ کے مولانا یاسین ظفر، تنظیم المدارس اہل سنت کے مولانا عبدالمصطفیٰ ہزاروی اور تنظیم رابطہ المدارس کے مولانا عبدالمالک شریک ہوں گے۔

اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے لئے حکومت کے تجویز کردہ فارم پر متفقہ سفارشات تیار کی جائیں گی۔ جو بعدازاں وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ سے ملاقات میں زیر بحث لائی جائیں گی۔ وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری مولانا محمد افضل حیدری نے واضح کیا ہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان حکومتی رجسٹریشن فارم کو مسترد کر چکی ہے۔ مدارس کی قیادت کی سفارشات پر تیار کردہ فارم ہی تسلیم کیا جائے گا۔ دریں اثنا، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر اور ورلڈ کونسل آف ریلیجنز کے رہنما علامہ نیاز حسین نقوی نے ناروے کے سفارت خانے کو گلگت میں ہیلی کاپٹر حادثے میں سفیر کی ہلاکت پر تعزیتی خط تحریر کر کے ان کے خاندان سے اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم حادثے میں ہلاکتوں پر افسردہ ہے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 459636

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/459636/اتحاد-تنظیمات-مدارس-پاکستان-کا-اجلاس-12-مئی-کو-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org