0
Sunday 10 May 2015 16:01

خورشید شاہ کے ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، رشید گوڈیل

خورشید شاہ کے ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، رشید گوڈیل
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے الطاف حسین کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنماء اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین کی سیاست تو پاکستان کے استحکام اور اسے وڈیروں سے نجات دلانے کی سیاست ہے، البتہ پاکستان کے دولخت ہونے کے ذمہ داروں میں کس جماعت کے سربراہ کا نام لیا جاتا ہے، اس سے ہر کوئی واقف ہے۔ اپنے بیان میں رشید گوڈیل نے کہا کہ خورشید شاہ آج صرف ایم کیو ایم کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر ہیں، سینیٹ میں ان کی جماعت کا چیئرمین بھی محض ایم کیو ایم کی حمایت کی وجہ سے منتخب ہوا ہے، لیکن ایم کیو ایم کا احسان مند ہونے کے بجائے خورشید شاہ اپنی روایتی احسان فراموشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خورشیدشاہ کے ہوتے ہوئے پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔

رشید گوڈیل نے کہا کہ معنی خیز بات یہ ہے کہ سابق وزیر داخلہ ذالفقار مرزا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن اور سابق صدر مملکت آصف زرداری کے خلاف سنگین الزامات لگا رہے ہیں اور پی پی پی اور اس کی قیادت کو ملکی و عالمی سطح پر بدنام کر رہے ہیں، لیکن خورشید شاہ نے ان بیانات پر مکمل طور پر چپ سادھ رکھی ہے، اس کے برعکس ایم کیو ایم تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے موقع پر ایم کیو ایم کی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے، اس وقت ایم کیو ایم اور اس کی سیاست اچھی ہوتی ہے، لیکن مطلب نکل جانے کے بعد وہی ایم کیو ایم بری لگنے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خورشید شاہ کو قائد تحریک الطاف حسین کی سیاست پر اعتراض ہے، تو انہیں چاہیے کہ وہ چیئرمین سینیٹ کو ان کے عہدے سے استعفیٰ دلوا دیں، کیونکہ وہ ایم کیو ایم کے ارکان کے ووٹوں ہی سے سینیٹ کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 459750
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش