0
Sunday 10 May 2015 23:32

نگران حکومت الیکشن کے معاملات میں بے بس ہے، فیصلے اوپر سے ہوتے ہیں، نگران وزیر

نگران حکومت الیکشن کے معاملات میں بے بس ہے، فیصلے اوپر سے ہوتے ہیں، نگران وزیر
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیر تعمیرات گلگت بلتستان شیخ ناصر زمانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت 40 ارب روپے کی مقروض ہوگئی ہے مگر حکومت کو الیکشن کرانے کی جلدی ہے، عجلت میں الیکشن کروانے کی بجائے حکومت اربوں روپے کے بقایا جات ادا کرے۔  وزیراعظم میاں نواز شریف، گورنر برجیس طاہر اور سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان الیکشن پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے بقایا جات ادا کر کے عوام پر احسان کرے۔ اسکردو میں میڈیا سے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے کئی علاقے اس وقت برف سے ڈھکے ہوئے ہیں اور ان علاقوں کے زمینی راستے بند ہیں۔ ان علاقوں میں ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی بھجوائے جانے کی باتیں کی جا رہی ہیں، یوں الیکشن پر اربوں روپے خرچ ہوں گے، اگر بقایا جات کی ادائیگی کی بجائے الیکشن کو ترجیح دی گئی تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور 8 جون کو پولنگ سٹیشن کی بجائے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے، تمام فیصلے اوپر سے ہو رہے ہیں اور صوبائی حکومت بالکل بے بس ہے۔ ہمیں یہاں تک نہیں پتہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ کس کی مرضی پر مقرر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف کرسی پر بیٹھے ہیں لیکن اختیارمیں کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا حال یہ ہے کہ علاقے میں گندم بحران سنگین ہوگیا ہے اور غریب لوگ گندم کے حصول کیلئے خوار ہو رہے ہیں۔ ٹھیکیدار عدم ادائیگیوں کے باعث سنگین مشکلات سے دوچار ہیں اور پی ڈبلیو ڈی کا طواف کر رہے ہیں اور ان کی جائیدادیں ڈوب رہی ہیں۔ صورت حال یہی رہی تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے اور الیکشن کا دن، احتجاج کا دن بن جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ پہلے ان کی مشکلات دور کی جائیں پھر الیکشن کروائے جائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ سانحہ نلتر کے سوگ میں الیکشن ملتوی کیے جائیں تو ملک و قوم کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ کسی جماعت پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی لگانے یا اٹھانے کا اختیار چیف الیکشن کمشنر کے پاس ہے ہمیں پتہ ہی نہیں ہے کہ کتنی جماعتوں پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائدکی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 459803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش