QR CodeQR Code

گلگت بلتستان الیکشن میں ایم ڈبلیو ایم کا کوئی امیدوار دستبردار نہیں ہوگا، ناصر عباس شیرازی

12 May 2015 23:05

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ جی بی کے بیشتر حلقوں میں تحریک انصاف کی طرف سے حمایت کی توقع ہے، انتخابی مہم بھرپور انداز سے جاری ہے۔ نون لیگ کی شکست ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کا مشترکہ ہدف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سمیت دیگر مرکزی قائدین سے بات چیت کا عمل جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ تحریک انصاف سکردو اور گلگت کے بیشتر حلقوں میں مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دے گی۔ اس سلسلے میں ہماری اس وقت تک ہونے والی تمام ملاقاتیں انتہائی حوصلہ افزا رہی ہیں۔ گلگت بلتستان میں نون لیگ کو شکست دینا مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کا مشترکہ ہدف ہے اور اس ہدف کو کامیاب بنانے کے لیے دو طرفہ تعاون کا فارمولا طے کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ختلو، ہنزہ اور استور کے حلقہ میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کے لیے ہماری انتخابی شوری دوستی کا حق ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ گلگت بلتستان کے تمام حلقوں میں ہمارے امیدوار انتہائی دلجمعی اور پُرعزم انداز میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور ہم نے کسی بھی حلقہ سے دستبردار ہونے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبائی رہنما علامہ نیئر صفوی اپنے حلقے کے تمام امیدواروں میں سب سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں اور روزانہ بیشتر شخصیات اپنی برادریوں کے ہمراہ ان کی حمایت کا اعلان کر رہی ہیں جس سے ان کے حلقہ میں مجلس وحدت مسلمین کی کامیابی کے آثار واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست میں اصولوں کو مقدم رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ مسترد شدہ افراد کو مجلس نے کوئی جگہ نہیں دی۔ صرف ان لوگوں کو ایم ڈبلیو ایم نے ٹکٹ دیا گیا جو کردار کے لحاظ سے بہترین شہرت رکھتے تھے۔ سید ناصر شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شیعہ سنی وحدت کے عملی اظہار کی بنیاد ہماری تنظیم نے رکھی ہے۔ ہم فرقہ پرستی کو ملکی سالمیت و استحکام کے لیے زہر قاتل سمجھتے ہیں۔ ہمارا جینا مرنا اس ملک کے لیے ہے۔ ہماری حب الوطنی کی اس سے بڑھ کر اور کیا دلیل ہو گی کہ ہم نے ملکی سلامتی و امن کے دشمن طالبان کے خلاف بھرپور آپریشن کا سب سے پہلے مطالبہ کیا جبکہ مسلم لیگ نون کی حکومت اس کی مخالف تھیں۔

سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون شروع سے فرقہ واریت کے لیے کام کر تی رہی ہے اور اب بھی شیعہ سنی تخصیص کے نعرے بلند کر کے انہیں جدا جدا ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جو گلگت بلتستان کے لوگ کے درمیان اخوت و وحدت کے خاتمے کی ایک سازش ہے۔ ہم نے باہمی اخوت و وحدت سے اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا۔ ہم شیعہ سنی بن کر نہیں بلکہ محب وطن بن کر ان ملک دشمن عناصر کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 460307

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/460307/گلگت-بلتستان-الیکشن-میں-ایم-ڈبلیو-کا-کوئی-امیدوار-دستبردار-نہیں-ہوگا-ناصر-عباس-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org