QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی پلان جاری

13 May 2015 19:05

اسلام ٹائمز: 30 مئی 2015ء کو منعقد ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کو چھ سرکلز، چودہ سیکٹرز، اور 53 سب سیکٹرز میں تقسیم کرکے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی، ضلع بھر کے 671 پولنگ سٹیشنز میں سے 207 پولنگ سٹیشنز حساس ترین اور 274 حساس قرار، بارہ ہزار سے زائد پولیس اہلکار الیکشن کے روز ڈیوٹی سرانجام دینگے، سکیورٹی کنٹرول روم پولیس لائن میں قائم ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ کی نگرانی میں ڈیرہ پولیس نے 30 مئی کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے۔ پولیس نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کو 6 سرکلز، 14 سیکٹرز اور 53 سب سیکٹرز میں تقسیم کر دیا۔ ہر سیکٹر کا انچارج ڈی ایس پی ہوگا۔ 671 پولنگ سٹیشنز میں سے 207 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین، 254 پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ 190 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ کے روز مین کنٹرول روم پولیس لائن میں قائم ہوگا، جبکہ رینج کنٹرول روم ڈی آئی جی آفس میں قائم ہوگا۔ اسی طرح منی کنٹرول روم بھی بنائے جائینگے، جو کلاچی، پہاڑپور، صدر اور پروآ کی حدود میں قائم کئے جائینگے۔ پولنگ کے روز پولیس کے کل 12 ہزار 588 اہلکار بیک وقت ڈیوٹیاں سرانجام دینگے۔ ہر دس پولنگ سٹیشنز کا ایک گروپ بنایا گیا ہے۔ جہاں پر کوئیک رسپانس فورس کی چار گاڑیاں ہر وقت موجود ہونگی۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی 49 یونین کونسلز میں مردوں کیلئے207، خواتین کیلئے 191 جبکہ مرد و خواتین کیلئے مشترکہ 273 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 6 لاکھ 6 ہزار 991 ہے۔ جس میں سے 3 لاکھ 53 ہزار 312 مرد ووٹرز اور 2 لاکھ 71 ہزار 649 خواتین ووٹرز ہیں۔ جو 30 مئی کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 30 مئی کے روز ڈیرہ پولیس نے سکیورٹی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ پولیس غیر جانبدار ہوکر مستعدی سے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیگی۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائیگا۔ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 460539

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/460539/ڈی-آئی-خان-بلدیاتی-انتخابات-کیلئے-سکیورٹی-پلان-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org