0
Wednesday 13 May 2015 22:37
کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشتگردوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے

نااہل اور مفاد پرست حکمرانوں کے ہاتھوں پاکستان زخموں سے چور چور ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

کراچی کا امن تباہ کرنے کیلئے کالعدم جماعتوں کو بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے
نااہل اور مفاد پرست حکمرانوں کے ہاتھوں پاکستان زخموں سے چور چور ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ صفورا چورنگی کے خلاف بروز جمعرات ملک گیر یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلٰی اور گورنر سندھ کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے، نااہل اور مفاد پرست حکمرانوں کے ہاتھوں آج پاکستان زخموں سے چور چور ہے، کراچی میں پُرامن اسماعیلی برادری پر دہشت گردوں کی بربریت ایک قومی سانحہ ہے، کراچی کے امن کو تباہ کرنے میں کالعدم دہشت گرد جماعتوں کو ہندوستان سے ’’را‘‘ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ سانحہ صفورا چورنگی کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اس سفاکانہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے، اور ہم اس سانحہ میں جاں بحق افراد اور اسماعیلی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے 14 مئی بروز جمعرات ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک دشمن دہشتگردوں کے خلاف قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ متحد ہوجائیں، اور ان درندوں کو انجام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور کالعدم دہشتگرد جماعتوں کو ایک سازش کے تحت جلسے، جلوس، ریلیاں اور منظم ہونے کا موقع دیا گیا، تاکہ وہ پھر سے ملکی سلامتی کے خلاف اپنی مذموم دہشتگردانہ کارروائیاں شروع کریں، اور دہشت گرد کالعدم تکفیری جماعتوں کو کلین چٹ دینے کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، جو ایک مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ان کو میدان میں لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کراچی میں جاری آپریشن سیاسی مصلحتوں کا شکار ہے، اور یہ ایک سازش کا حصہ بھی ہے، ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ ان درندوں کو انجام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے، کراچی میں ان سفاک دہشت گردوں کے ہاتھوں زائد ملت جعفریہ کے تین ہزار سے زائد بے گناہ افراد نشانہ بنے، ستم ظریفی یہ ہے کہ کسی ایک شہید کا قاتل بھی گرفتار نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت قیامِ امن میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی اور چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہمارے دشمن خائف ہیں، اور ایسے واقعات رونما کرکے دشمن پاکستان میں سرمایہ کاری کے راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے درپے ہیں، دہشت گردی کے واقعات کا مقصد دراصل ہماری معیشیت کو کمزور کرنا ہے، اور اس سازش میں ہمارے ازلی دشمن ہندوستان، اسرائیل اور امریکا پیش پیش ہیں، ہمیں قومی یکجہتی سے ان دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء کی آمریت کے دور کے پالے ہوئے دہشتگردوں کے ہاتھوں آج شیعہ، سنی، اسماعیلی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں ان نام نہاد مفتیوں کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہیئے، جنہوں نے اسماعیلی برادری کے خلاف کفر کے فتوے جاری کئے۔
خبر کا کوڈ : 460585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش