0
Wednesday 13 May 2015 23:11
پاکستان میں سعودی حکومت کا بھیانک کردار کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں

سانحہ صفورا چورنگی سعودی سفیر اور امام کعبہ کی کالعدم تنظیموں سے ملاقاتوں کا نتیجہ ہے، علامہ احمد اقبال

کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے سربراہان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انکی سرگرمیاں محدود کی جائیں
سانحہ صفورا چورنگی سعودی سفیر اور امام کعبہ کی کالعدم تنظیموں سے ملاقاتوں کا نتیجہ ہے، علامہ احمد اقبال
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے سانحہ صفورا چورنگی کے خلاف اور اسماعیلی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے نمائش چورنگی میں احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا دیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، مولانا احسان دانش، مولانا صادق جعفری، آصف صفوی، ناصر حسینی، حسن ہاشمی، انجینئر رضا نقوی سمیت سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے وفاقی و صوبائی حکومت اور کالعدم جماعتوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے اور علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کراچی کی عوام کب تک اپنے بے گناہ پیاروں کی لاشیں اُٹھائے گی اور مقتول بتنی رہے گی، کراچی اور کوئٹہ کے اندر دہشتگردی کے واقعات میں تیزی آگئی ہے، ملک دشمن عناصر ایک بار پھر ملک کو عدم استحکام اور بدامنی کی طرف دھکیلنے کیلئے کمر بستہ ہیں، ایسی صورتحال میں حکومت اور افواج پاکستان کی طرف سے سخت اور فوری فیصلوں کی ضرورت ہے۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ سعودی سفیر اور امام کعبہ کی کالعدم دہشتگرد تنظیموں سے ملاقاتوں کے پس پردہ مقاصد اب کھل کر ظاہر ہونا شروع ہوچکے ہیں، سانحہ صفورا انہی ملاقاتوں کی ایک کڑی اور نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان امن دشمن قوتوں سے بخوبی آگاہ ہے، جو وطن عزیز میں قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے پر تُلی ہوئی ہیں، لیکن انہیں ملکی سلامتی سے زیادہ غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی مقدم ہے، اس لئے ان دہشتگرد عناصر سے دانستہ انجان بنی بیٹھی ہے، اگر حکومت ملک سے دہشت گردی کا یقینی خاتمہ چاہتی ہے، تو ملک کی تمام کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے سربراہان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی سرگرمیوں کو محدود کرے، اس سے ملک میں امن ہوجائے گا، کیونکہ کالعدم تنظیمیں غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا سمیت بیشتر خبر رساں ادارے سعودی عرب کو دنیا بھر میں امت مسلمہ اور مسلمانوں کے مفادات کے خلاف برسرپیکار دہشتگردوں کا سرپرست قرار دے چکے ہیں، اور پاکستان میں بھی سعودی حکومت کا بھیانک کردار کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔

مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں پورے جذبے اور عزم کے ساتھ مگن ہے، اس سلسلے میں حکومت کو بھی نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی سلامتی کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کراچی میں پُرامن اسماعیلی برادری پر دہشت گردوں کی بربریت کا شکار 45 افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں موجود کالعدم دہشتگرد جماعتوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف فی الفور بے رحمانہ آپریشن کا آغاز کیا جائے، اور ان کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائیں جائے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ صفورا میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری جلد از جلد عمل میں لائی جائے، اور ان صفاک دہشتگردوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔ انہوں نے سانحہ صفورا پر گورنر اور وزیراعلٰی سندھ سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 460592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش