QR CodeQR Code

سعودی عرب عسکریت پسندوں کو فنڈنگ کرنیوالا سب سے بڑا ذریعہ ہے،دیگر ممالک میں قطر،کویت اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں،وکی لیکس

6 Dec 2010 11:52

اسلام ٹائمز:خفیہ دستاویز کے مطابق سعودی عرب میں یہ مسئلہ زیادہ سنجیدہ نوعیت کا ہے جہاں جنگجو زائرین کے روپ میں حکومت کی منظور شدہ امدادی تنظیموں سے چندہ اکٹھا کرتے ہیں۔دستاویزات کے مطابق عسکریت پسند گروپ اکثر اوقات حج کے دوران فنڈز جمع کرتے ہیں


واشنگٹن:اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق وکی لیکس کے انکشافات جاری ہیں۔سعودی عرب عسکریت پسند گروپوں کو فنڈنگ کرنے والا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔وکی لیکس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے دسمبر دو ہزار نو میں امریکی سفارتکاروں پر زور دیا کہ وہ خلیجی سرمایہ پاکستان اور افغانستان میں عسکریت پسندوں تک جانے سے روکنے کے لیے اپنی کوششیں دگنی کر دیں۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے امراء دنیا بھر میں سنی گروپوں کو فنڈنگ کرنے کا بڑا ذریعہ ہیں۔تین دیگر ممالک کو بھی اس فہرست میں رکھا گیا ہے جو عسکریت پسندوں کو رقم فراہم کر رہے ہیں ان میں قطر،کویت اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ 
خفیہ دستاویز کے مطابق سعودی عرب میں یہ مسئلہ زیادہ سنجیدہ نوعیت کا ہے جہاں جنگجو زائرین کے روپ میں حکومت کی منظور شدہ امدادی تنظیموں سے چندہ اکٹھا کرتے ہیں۔دستاویزات کے مطابق عسکریت پسند گروپ اکثر اوقات حج کے دوران فنڈز جمع کرتے ہیں۔وکی لیکس کے مطابق امریکی سفارتکار پاکستان اور افغانستان کے برعکس سعودی عرب پر تنقید کھلے عام نہیں بلکہ بند کمرے میں کرتے ہیں۔خلیج میں امریکا کے لیے ایک اور درد سر متحدہ عرب امارات بھی ہے۔افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک،یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں اور افغانوں سے رقم حاصل کرتے ہیں۔ ہیلری کلنٹن کے مطابق یو اے ای کے کمزور مالیاتی قواعد اور سرحدوں کی وجہ سے امریکی تفتیش کاروں کی معلومات محدود ہوتی ہیں۔دستاویز کے مطابق کویت بھی عسکریت پسندوں کو فنڈنگ کا ذریعہ اور القاعدہ کیلئے ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔لیکن کویتی حکام اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 46063

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/46063/سعودی-عرب-عسکریت-پسندوں-کو-فنڈنگ-کرنیوالا-سب-سے-بڑا-ذریعہ-ہے-دیگر-ممالک-میں-قطر-کویت-اور-متحدہ-امارات-شامل-ہیں-وکی-لیکس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org