QR CodeQR Code

شہید قائد علامہ عارف حسینی کے فرمان پر 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کے عنوان سے منایا جائیگا، ایم ڈبلیو ایم

15 May 2015 21:13

اسلام ٹائمز: نشست سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ ہم کل بھی اسرائیل کے جارحانہ اقدامات اور امریکہ کی سرپرستی نیز اس کے ظالمانہ، متکبرانہ، جارحانہ رویوں کی وجہ سے اسے مردہ باد کہتے تھے اور آج بھی کہتے ہیں اور اس وقت تک کہتے رہیں گے جب تک دنیا اس کے نجس وجود سے پاک نہیں ہوجاتی اور امت اسلامی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کر لیتی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے رہنما میثم جلالوی اور آصف صفوی کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں کہ جب قبلہ اول بیت المقدس اسرائیلی قبضہ سے آزاد ہوگا اور ہمارے فلسطینی بھائی واپس اپنے گھروں کو جائیں گے اور غاصب اسرائیل کے ساتھ ساتھ اس کے سہولت کار بھی نیست و نابود ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے فرمان پر 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت سے وحدت ہاؤس میں جاری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے قلب میں گھونپے گئے اس خنجر نے عالم اسلام کو تب سے زخمی کر رکھا ہے۔ سڑسٹھ برس ہوگئے، کسی دن ایسا نہیں ہوا کہ اس ارضِ مقدس فلسطین پر بے گناہ مسلمانوں کا خون نہ گرا ہو اور کوئی شام ایسی نہیں ہوئی کہ کسی ماں کی گود نہ اْجڑی ہو، 67برس ہو رہے ہیں کہ یہاں ہر روز قیامت ہے، ہر دن بلا ہے، ہر لمحہ مصیبت ہے، ہر ساعت دْکھ، درد اور ابتلا ہے، یہاں ہر روز زلزلے برپا کئے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی کی فکر اور علامہ سید عارف حسین الحسینی کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی اہل تشیع برادری نے امریکہ کی اسلام دشمن پالیسی کی وجہ سے 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ منانے کا سلسلہ شروع کیا تھا، تاکہ اس پاک وطن میں امریکہ و استعماری مظالم کو آشکار کیا جاسکے، اس روز دنیا کو یہ بتانا ہوتا ہے کہ امریکہ ہی ہے جو مسلمانوں کی تمام تر مصیبتوں کا ذمہ دار ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم کل بھی اسرائیل کے جارحانہ اقدامات اور امریکہ کی سرپرستی نیز اس کے ظالمانہ، متکبرانہ، جارحانہ رویوں کی وجہ سے اسے مردہ باد کہتے تھے اور آج بھی کہتے ہیں اور اس وقت تک کہتے رہیں گے جب تک دنیا اس کے نجس وجود سے پاک نہیں ہوجاتی اور امت اسلامی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہیں کر لیتی۔


خبر کا کوڈ: 461064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/461064/شہید-قائد-علامہ-عارف-حسینی-کے-فرمان-پر-16-مئی-یوم-مردہ-باد-امریکہ-عنوان-سے-منایا-جائیگا-ایم-ڈبلیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org