0
Saturday 16 May 2015 23:22

ایران، پاکستان مشترکہ فلم سازی کیلئے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار

ایران، پاکستان مشترکہ فلم سازی کیلئے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے معروف فلمساز سید نور نے ایران کے تعاون سے فلمسازی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش ہو سکتی ہے تو ایرانی فلمیں ہمارے سینماؤں کی زینت کیوں نہیں بن سکتیں، جبکہ خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل اکبر برخورداری کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان مشترکہ فلم سازی کےلئے ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ اکبر برخورداری اور سید نور خانہ فرہنگ ایران لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ خانہ فرہنگ ایران، لاہور کے ڈائریکٹر جنرل اکبر برخورداری کا مزید کہنا تھا کہ دین اسلام فلم سازی کا مخالف نہیں، لیکن اس کے ذریعے اگر بچوں، نوجوانوں کی تربیت اور انسانیت کو آگے لانے اور منشیات کی روک تھام کے لئے کام کیا جا سکتا ہے تو معاشرے کی بہتری کے لئے ایسا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب ایران سے قبل ایرانی سینما گھر بےحیائی اور فحاشی کا مراکز تھے جبکہ ایران کے اسلامی انقلاب کے بعد ہمارے سینما گھر تعمیری کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران یورپ اور خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر فلم سازی کر رہا ہے اگر پاکستان کی فلم انڈسٹری ایران کے ساتھ فلم سازی کرنا چاہتی تو ایران تعاون کرے گا۔

پاکستان کے معروف فلمساز سید نور کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دنوں ایران میں منعقدہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں گئے تھے، جہاں جا کر انتہائی افسوس ہوا کہ وہاں پاکستانی فلم انڈسٹری کی کوئی نمائندگی نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ فلمی دنیا میں ایرانی سینما بہت آگے بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی ایک فلم تیار کریں گے جو ایرانی فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی پاکستان میں ایرانی فلموں کی بہت بڑی نمائش منعقد کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کو مشترکہ فلم سازی کی ضرورت نہیں لیکن مشترکہ فلم سازی کی ضرورت ہمیں زیادہ ہے۔ ہماری حکومت کو چاہیئے کہ فلم انڈسٹری کے لئے باقاعدہ وزارت قائم کرے جو ہمارے مسائل حل کر سکے تاکہ اچھی فلمیں بن سکیں اور پاکستانی فلم انڈسٹری کامیاب ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر گند سے بھری بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش ہو سکتی ہیں تو ایران کی اصلاحی فلمیں ہمارے سینماؤں کی زینت کیوں نہیں بن سکتی؟
خبر کا کوڈ : 461258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش