0
Monday 18 May 2015 19:24

استحصالی حکمرانوں کو گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کو غصب نہیں کرنے دینگے، علامہ ناصر عباس جعفری

استحصالی حکمرانوں کو گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کو غصب نہیں کرنے دینگے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا ہے کہ استحصالی حکمرانوں کو گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کو غصب نہیں کرنے دینگے، الیکشن منصفانہ نہ ہوئے تو خطے میں نہ ختم ہونے والا بحران پیدا ہو جائیگا، گلگت بلتستان کے انتخابات فوج کی نگرانی میں ہونا ناگزیر ہو چکا ہے، حکمرانوں نے مرضی کے نتائج لینے کی کوشش کی تو عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے روندو میں عوامی استقبالی ریلی سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی خدمت کو عین عبادت سمجھتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار قوم کے خادم بن کر خدمت سرانجام دینگے، اگر ہمارے نمائندے عوامی خدمت میں ناکام رہے تو ہم ان کو دوبارہ عوامی عدالت میں لے جائیں گے، ہمارے امیدواروں کا امتحان ہے کہ وہ اس عوامی ذمہ داری کو کیسے نبھاتے ہیں، ہم عوامی خدمت پر کوئی سمجھوتا نہیں کرینگے، علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ گذشتہ ادوار کے حکمرانوں کے احتساب کا وقت قریب آپہنچا ہے، کرپٹ مافیا عوامی عدالت سے بچ نہیں پائیں گے، ہم عوام سے یہ برملا کہتے ہیں کہ ہم معصوم نہیں غلطیاں ہم سے ہو سکتی ہے لیکن ہم خیانت ہرگز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں مسلسل برسراقتدار رہنے والوں نے عوام کو پتھروں کے دور میں دھکیل دیا ہے، اب وہ کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے استحصالی سیاست دانوں نے عوام کو محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا، ہماری جدوجہد مظلوم عوام کو ان کے چنگل سے آزاد کرانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 جون کو عدالت اور انصاف کا سورج طلوع ہوگا اب کسی ظالم حکمران کو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ گلگت بلتستان کے محروموں کی آواز پوری دنیا میں بلند کی جائے گی اور یہاں کے عوام کو انکا حق ملنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 461582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش