0
Monday 18 May 2015 19:37

پیپلزپارٹی کی جانب سے مصر کے سابق صدر محمد مرسی اور ان کے 100 ساتھیوں کو موت کی سزا دینے پر سخت تشویش کا اظہار

پیپلزپارٹی کی جانب سے مصر کے سابق صدر محمد مرسی اور ان کے 100 ساتھیوں کو موت کی سزا دینے پر سخت تشویش کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے مصر کے سابق صدر محمد مرسی اور ان کے 100 ساتھیوں کو قاہرہ کی ایک عدالت کی جانب سے موت کی سزا دینے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سزا کو بدقسمتی قرار دیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مصر ایک برادر ملک ہے اور اس کا سیاسی استحکام اور عوام کی فلاح پاکستانی عوام کے لئے نہایت اہم ہے اور پاکستانی عوام نہیں چاہتی کہ مصر غیرمستحکم ہو جائے۔ اس وجہ سے سابق صدر محمد مرسی کو موت کی سزا دئیے جانے پر پارٹی سخت تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ محمد مرسی کو موت کی سزا سے احتراز کیا جا سکتا تھا کیونکہ مصر کا طویل مدتی استحکام سب کے مفاد میں ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو یاد ہے کہ کس طرح سے اس کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا جس کے مضمرات ابھی تک پاکستان میں موجود ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام اور تشدد چاہے وہ کسی جگہ پر بھی ہو سخت مذمت کرتی ہے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ سیاسی مخالفین کو جسمانی طور پر ختم کرنے سے سیاسی مسائل ختم نہیں ہوتے بلکہ اس سے صرف سیاسی بحران پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر یہ مطالبہ کرتی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کی جائے جو کہ چار سال قبل سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا تھا۔ پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس مقدمے کی سماعت کی جائے اور جلد اس کا فیصلہ دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 461589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش