0
Sunday 10 May 2009 13:35

جب تک پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتا اس سے امن بات چیت نہیں ہوسکتی،من موہن سنگھ

جب تک پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتا اس سے امن بات چیت نہیں ہوسکتی،من موہن سنگھ
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان گزشتہ برس کے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتا اس سے امن بات چیت نہیں ہو سکتی۔ پاکستان اور بھارت کے مابین فروری دو ہزار چار میں قیام امن کا ایک سست رو عمل شروع ہوا تھا جو ممبئی حملوں کے بعد اس وقت رک گیا جب بھارت نے پاکستان میں قائم شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ پر ان حملوں کی ذمہ داری عائد کی۔ ان حملوں میں ایک سو ساٹھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سنیچر کے روز چنّئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا،ہمارا  کم سے کم مطالبہ یہ ہے کہ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے پاکستان ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے جنہوں نے ممبئی پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی،بھارتی وزیراعظم نے پاکستان میں شدت پسندی کی لہر پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف جنگ میں ان کی نیک تمنائیں پاکستان کے ساتھ ہیں کیونکہ یہ جنگ پاکستان کے مفاد میں ہی نہیں بلکہ اس میں پورے خطے کا فائدہ ہے۔ بھارت میں حکام نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ ان حملوں کی سازش میں بعض پاکستانی حکام بھی ملوث ہیں۔ بھارت ماضی میں بھی الزام لگاتا رہا ہے کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر ان شدت پسندوں کے تربیتی کیمپ ختم نہیں کیے ہیں جو سرحد پار کارروائیاں کرتے ہیں۔ ممبئی حملوں کے سلسلے میں زیر حراست پاکستانی شہری اجمل قصاب نے گزشتہ دنوں خود پر عائد فرد جرم کو مسترد کر دیا تھا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ دس حملہ آوروں میں سے صرف اجمل قصاب کو زندہ گرفتار کیا جا سکا تھا۔

خبر کا کوڈ : 4621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش