QR CodeQR Code

کراچی، پولیس مقابلے میں واہگہ بارڈر حملوں میں ملوث دہشتگردوں سمیت 6 ہلاک

22 May 2015 13:28

اسلام ٹائمز: ڈی ایس پی علی رضا نے ہلاک شدگان کی شناخت تو نہیں بتائی، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ان شرپسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عمر خراسانی گروپ سے تھا، جو واہگہ بارڈر پر دھماکے میں ملوث تھے، اور حال ہی میں کراچی آئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مقابلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، کارروائیاں اتحاد ٹاؤن اور منگھوپیر میں کی گئیں۔ بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ گارڈن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا، جنھیں فوری طبی امداد کے لئے اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ مقابلے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر دستی بم اور راکٹوں سے بھی حملے کئے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے شعبہ انسداد دہشتگردی کے ڈی ایس پی علی رضا کے مطابق خفیہ اداروں کی نشاندہی پر پولیس نے بلدیہ ٹاؤن میں چھاپہ مار کارروائی کی، اس موقع پر وہاں موجود دہشتگردوں نے مزاحمت کی، اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 شدت پسند ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

ڈی ایس پی علی رضا نے ہلاک شدگان کی شناخت تو نہیں بتائی، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ان شرپسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عمر خراسانی گروپ سے تھا، جو واہگہ بارڈر پر دھماکے میں ملوث تھے، اور حال ہی میں کراچی آئے تھے۔ رات گئے پولیس نے ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال پہنچائیں، جبکہ دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔ دوسری جانب منگھو پیر پولیس نے مقابلے کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مقابلے میں 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادر تھیبو نے پولیس پارٹی کیلئے ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 462363

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/462363/کراچی-پولیس-مقابلے-میں-واہگہ-بارڈر-حملوں-ملوث-دہشتگردوں-سمیت-6-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org