0
Tuesday 26 May 2015 18:46

کوئٹہ کے حالات خراب کرنے میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ کے حالات خراب کرنے میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پیر کے روز صوبائی دارالحکومت میں رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعات کے فوری بعد امن و امان سے متعلق اعلٰی سطحی اجلاس طلب کیا۔ جس میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر اطلاعات، قانون و پارلیمانی امور عبدالرحیم زیارتوال، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس عملیش خان، کمشنر کوئٹہ قمبر دشتی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ میں رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کوئٹہ شہر کے مختلف واقعات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، جو حکومتی اقدامات، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت، لگن اور قربانیوں کا نتیجہ ہے لیکن کوئٹہ کے حالیہ واقعات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ دہشت گرد، امن دشمن و سازشی عناصر دوبارہ شہر میں خوف و دہشت کی فضاء قائم کرکے عوام کو یرغمال بنانے کی منصوبہ سازی پر عمل پیرا ہوکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کو کسی بھی گروہ کی جانب سے سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو نہ صرف ناکام بنایا جائیگا، بلکہ امن کے دشمنوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں خون خرابہ اور دہشت کی فضاء پھیلانے والے عناصر کو ہر صورت میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ گزشتہ دو روز میں ہونے والے ناخوشگوار واقعات کے اصل ملزمان کو گرفتار کرکے حکومتی رٹ یقینی بنائی جائے۔ امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کوئٹہ کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازشوں میں ملوث عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔
خبر کا کوڈ : 463178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش