0
Wednesday 27 May 2015 22:00
بلدیاتی انتخابات میں سب کو شکست دینگے

کے پی کے کی پولیس عوام کی خدمت کرتی ہے، پنجاب کی پولیس عوام کو مارتی ہے، عمران خان

کے پی کے کی پولیس عوام کی خدمت کرتی ہے، پنجاب کی پولیس عوام کو مارتی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سونامی ختم نہیں ہوا، نیا پاکستان خیبر پختونخوا سے شروع ہوگا، بلدیاتی الیکشن کے بعد عوام خود اپنے فیصلے کریں گے، میاں صاحب بتائیں کیا نیا پختونخوا نظر نہیں آتا، کیا اب ایزی لوڈ اور نوکریاں بکتی ہیں، پنجاب کی پولیس عوام کو مارتی ہے، کے پی پولیس خدمت کرتی ہے۔ عمران خان نے مردان میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی نظام خیبر پختونخوا کے عوام کی تقدیر بدل دے گا، گاؤں میں بیٹھے لوگ اپنی زندگی کا فیصلہ خود کریں گے، ترقیاتی فنڈز آپ کے پاس آئیں گے، اب آپ کے فیصلے پشاور میں نہیں اپنے شہروں میں ہوں گے، اختیارات اور فنڈز عوام تک پہنچائیں گے۔ اسفند یار ولی سن لیں، سونامی ختم نہیں ہوئی، اے این پی نے 5 سال میں بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں کرائے، خیبر پختونخوا کی پولیس مثالی پولیس بن چکی، وہ عوام کی حفاظت اور خدمت کرتی ہے، پنجاب کی پولیس عوام کو مارتی ہے، اب اسپتالوں کا نظام بہتر بنا رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف! آپ کو نيا پختونخوا نظر نہيں آرہا، گورنر ہاؤس سے باہر نکل کر تو ديکھيں، کيا اب ايزی لوڈ اور نوکرياں بکتی ہيں، نیا پاکستان خیبر پختونخوا سے شروع ہوگا، صوبے کا احتساب سیل کسی کو نہیں چھوڑے گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق مردان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا آغاز سب سے پہلے خیبر پختونخوا سے کریں گے۔ بلدیاتی نظام میں اختیارات وزیر یا ایم پی اے کے پاس نہیں ہونگے۔ خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام گاؤں کی سطح پر غریب کی حالت بدلے گا۔ بلدیاتی نظام کے تحت لوگ اپنے فیصلے خود کریں گے۔ یورپ میں بلدیاتی نظام دیکھ کر بلدیاتی نظام خود بنایا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کی وجہ سے اختیارات نچلی سطح منتقل کرنے پڑتے ہیں۔ اے این پی سے پوچھتا ہوں کہ 5 سال حکومت میں رہے لیکن بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں کرائے۔؟ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلی مرتبہ حکومت ملی، اس لئے قوانین بنانے میں وقت لگا۔ بلدیاتی انتخابات کے بعد خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کو ٹھیک کریں گے اور سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بھی بہتر کیا جائے گا۔

سیاسی قائدین پر تنقید کرتے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے خوف سے مولانا بھی اکٹھے ہوگئے ہیں تو دوسری طرف دونوں بھائی نواز شریف اور آصف زرداری بھی اکٹھے ہیں۔ میں ان دونوں بھائیوں کو شکست دوں گا۔ دوسری جانب مردان میں تحریک انصاف کے جلسے میں بھگڈر سے کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ عمران خان کے خطاب سے قبل جلسے میں اس وقت بدنظمی پیدا ہوگئی جب کچھ کارکنوں نے سٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی۔ اسی دوران بھگڈر بھی مچ گئی، جس کے نتیجے میں کئی کارکن زخمی بھی ہوگئے۔ منتظمین نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔ اس دوران کئی کارکن حفاظتی باڑ توڑ کر سٹیج پر بھی پہنچ گئے جنہیں بعد ازاں نیچے اتار دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 463481
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش