QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، پولیس موبائل پر دہشتگردو ں کا راکٹوں اور بموں سے حملہ، دو اہلکار شہید، دو زخمی

28 May 2015 15:31

اسلام ٹائمز: تھانہ درابن پولیس کی سرکاری پولیس موبائل ڈیوٹی ختم کرکے رات بارہ بجے واپس آرہی تھی کہ کوڑاپل کے قریب گھات لگائے چھ دہشتگردوں نے چاروں طرف سے پولیس موبائل پرحملہ کردیا، پہلے دو راکٹ فائر کئے، دستی بم پھینکے اور اندھا دھند فائرنگ کی، جس میں دو اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے بڑے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ تھانہ درابن پولیس کی سرکاری پولیس موبائل ڈیوٹی ختم کرکے رات بارہ بجے تھانہ درابن کی طرف آرہی تھی کہ کوڑا پل کے قریب اطراف میں چھپے چھ کے قریب دہشتگردوں نے چاروں طرف سے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا۔ دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر دو راکٹ فائر کئے۔ دستی بم پھینکے اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور ان کا آدھا گھنٹے تک مقابلہ کیا۔ جس کے بعد دہشتگرد موقع سے فرار ہو گئے۔ اس حملے میں سرکاری پولیس موبائل کا ڈرائیور اعظم سکنہ زندانی اور کانسٹیبل منیر سکنہ قائد آباد پنجاب شہید ہوگئے، جبکہ اے ایس آئی عبدالستار اور کانسٹیبل شاہجہان زخمی ہوگئے۔ جن کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ پہنچا دیا گیا۔ حملے کے دوران پولیس فائرنگ سے قریبی کھڈ سے ایک دہشتگردکی نعش بھی ملی ہے۔ یاد رہے کہ اے ایس آئی عبدالستار اس سے پہلے بھی دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہو چکے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری علاقہ میں پہنچ گئی اور انہوں نے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ مذکورہ واقعہ کے بعد ضلع بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 463630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/463630/ڈی-آئی-خان-پولیس-موبائل-پر-دہشتگردو-ں-کا-راکٹوں-اور-بموں-سے-حملہ-دو-اہلکار-شہید-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org