0
Thursday 28 May 2015 18:52

او آئی سی میانمار کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

او آئی سی میانمار کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور عدم تحفظ پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) سے مطالبہ کیا کہ و ہ میانمار کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرے، انسانی حقوق کے ادارے اور اقوام متحدہ بحرہند میں کشتیوں میں پھنسے ہوئے مسلمانوں کی دادرسی کیلئے ٹھوس اور مربوط اقدامات عمل میں لائیں اور مسلمان اقلیتوں کے تحفظ اور انکی آباد کاری کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم اور قتل عام کے باعث مسلمان نقل مکانی کر کے بحرہند میں کشتیوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں، جہاں انہیں خوراک اور پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے، لہذا انسانی ہمدردی کے پیش نظر میانمار کے مظلوم مسلمانوں کی دادرسی کی جائے۔ صاحبزادہ زبیر نے ملائیشیا میں روہنگیا مسلمان تارکین وطن کی اجتماعی قبروں کی دریافت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملائیشیا کی حکومت سے مذکورہ واقعہ کی اعلٰی سطحی تحقیقات اور اس کے پیچھے کار فرما اسمگلروں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے کہا ہے کہ وہ میانمار کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ اور ملائیشیا میں مسلمانوں کی اجتماعی قبروں کی دریافت پر اپنا قومی اور ملی فریضہ انجام دیتے ہوئے مسلمانوں کی ہر ممکن امداد کریں۔
خبر کا کوڈ : 463652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش