0
Thursday 28 May 2015 18:00
ایمان ہے کہ انتخابات اسی سال ہونگے اور تحریک انصاف کی حکومت آئیگی

گلگت بلتستان کے لوگوں کو پورے آئینی حقوق دیں گے، عمران خان

گلگت بلتستان کے لوگوں کو پورے آئینی حقوق دیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ انتخابات اسی سال ہوں گے اور تحریک انصاف کی حکومت آئے گی۔ بلدیاتی الیکشن سے خیبر پختونخوا میں انقلاب آئیگا۔ اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سکردو، گلگت بلتستان کے لوگوں سے بات کرنے کے لئے 19 سال انتظار کیا ہے، جتنی خوشی مجھے آج ہو رہی ہے الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ اسکردو کے نوجوانوں میں سیاسی شعور آچکا ہے، پاکستان میں تبدیلی آنے سے کوئی روک نہیں سکتا، ووٹ مانگنے والوں سے چند سوالات ضرور کریں کہ اگر پیپلزپارٹی اور نون لیگ کے حکمران تین باریوں میں کچھ نہیں کرسکے تو چوتھی باری میں کیا کریں گے، انتخابات کے بعد میاں نواز شریف کو اسکردو یاد آیا تو یہاں آکر لوگوں کو کہا کہ 47 ارب کا پیکج دے رہے ہیں، لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ یہاں کے لوگ انسان ہیں جانور نہیں ہیں جن کو خرید لیا جائے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون کے حکمران عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے کر گئے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کا خوشحال ترین ملک سوئٹزرلینڈ ہے، جہاں صرف پہاڑ اور گائے ہیں اور کوئی قدرتی وسائل نہیں، لیکن صرف حقیقی جمہوریت سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ آصف زرداری اور نواز شریف نے اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے، تاکہ پیسہ نیچے نہ جائے اور ہم خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کروا رہے ہیں، جس سے لوگ آزاد ہوں گے، اپنے فیصلے خود کریں گے، لیکن پنجاب کے خادم اعلٰی نہیں چاہتے کہ اقتدار عوام کو منتقل ہو، کیونکہ وہ فنڈز کے نام پر ایم این ایز کو کنٹرول کرتے ہیں اور لوگوں کو پولیس سے مرواتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات سے خیبر پختونخوا میں انقلاب آئے گا۔ مجھے اللہ پر پورا ایمان ہے کہ انتخابی تحقیقات کے بعد انتخابات اسی سال ہوں گے اور اسی سال تحریک انصاف کی حکومت آئے گی۔ آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان کے حالات بدلنے والے ہیں۔ یورپ میں سفارش کو کوئی کلچر نہیں صرف میرٹ کو اہمیت دی جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ہم نے کرپشن اور رشوت کا خاتمہ کر دیا۔ پولیس کو مثالی بنا دیا ہے جبکہ دیگر صوبوں کی پولیس کے کارنامے عام ہیں

انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ برادری سے ہٹ کر صرف حق کیلئے ووٹ دیں گے۔ انھوں نے اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دو سال سے خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہے ہیں، کبھی کسی ایک کی سفارش نہیں کی۔ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے وزیراعظم بنے بغیر اتنی عزت دی۔ سکردو، گلگت کے لوگوں کو پورے آئینی حقوق دیں گے۔ خیبر پختونخوا میں ساڑھے تین سو ڈیم بنا رہے ہیں، جس سے عوام کو سستی بجلی ملے گی، اسی طرح گلگت میں بھی ڈیم بنا کر بجلی کی قلت دور کریں گے۔ عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پیپلزپارٹی کے انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ ضرور لیں لیکن ووٹ تحریک انصاف کو دیں۔
خبر کا کوڈ : 463661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش