QR CodeQR Code

الطاف حسین کا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

31 May 2015 12:46

اسلام ٹائمز: ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا، جبر و تشدد اور بندوق کے زور پر عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالا گیا، لہٰذا انتخابات کالعدم قرار دیکر وہاں غیر جانبدار مبصرین کی زیرِ نگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد علاقوں میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا ہے، اور جبر و تشدد اور بندوق کے زور پر عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، لہٰذا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قرار دیا جائے، اور وہاں غیر جانبدار مبصرین کی زیرِ نگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک کی بیشتر سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف بہتان تراشی کی گئی، اور ہر واقعے میں ایم کیو ایم کو ملوث کرکے اس کا میڈیا ٹرائل کیا گیا، لیکن صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی کی گئی، عوام کے سامنے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے، جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش و استعمال کیا گیا، پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالف امیدواروں اور سیاسی کارکنوں کو ہلاک و زخمی کیا گیا، اور یہ مناظر پاکستان کے تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے نمایاں انداز میں نشر کئے ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اور حقوق نسواں کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل اس بات کی نشاندہی کی جاتی رہی کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ (ن) اور اے این پی نے خواتین کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے باقاعدہ اتفاق رائے سے معاہدہ کیا، اور اسی وجہ سے لوئر دیر کے بعد اب خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بلدیاتی الیکشن میں بھی خواتین کو ووٹ کے حق سے روکا گیا ہے۔ الطاف حسین نے خواتین کو ووٹ دینے سے روکے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں خواتین کو ووٹنگ سے روکے جانے، اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کی شکایات کی بنیاد پر ان بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیکر وہاں غیر جانبدار مبصرین کی زیرِ نگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بدنظمی، بدانتظامی، بدامنی اور کھلی دھاندلی کے بدترین واقعات سے ثابت ہو گیا ہے کہ جعلی مینڈیٹ رکھنے والی کون کون سی جماعتیں اسلحہ کی سیاست، دہشتگردی، قتل و غارتگری، بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگا کر عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالنے، اور خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے میں ملوث ہیں۔

ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران آئین، قانون اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، پورے صوبے میں خوف و دہشت کا ماحول گرم کر دیا گیا، اور متعدد افراد کو ہلاک و زخمی کر دیا گیا، لیکن ان المناک واقعات میں ملوث کسی ایک بھی جماعت کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ الطاف حسین نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر اخلاقی طرز عمل نے صوبہ خیبرپختونخوا کے پورے بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان کھڑا دیا ہے، اور اب بندوق کے زور پر حاصل کئے جانے والے نتائج اپنی اہمیت و افادیت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی، بدامنی، دہشتگردی اور قتل و غارت گری کا فوری نوٹس لیا جائے، اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قرار دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 464222

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/464222/الطاف-حسین-کا-خیبرپختونخوا-کے-بلدیاتی-انتخابات-کو-کالعدم-قرار-دینے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org