0
Tuesday 2 Jun 2015 17:03

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے، الطاف حسین کا پھر مطالبہ

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے، الطاف حسین کا پھر مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلی سے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے، لہٰذا ان بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر نئے سرے سے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کے خلاف بھرپور انداز میں پُرامن احتجاج کریں۔ الطاف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ سیاسی رہنما میاں افتخار حسین کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کرنے کی شدید مذمت کی ہے، اور اسے خیبر پختونخوا حکومت کا کھلا آمرانہ عمل قرار دیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ طالبان دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے اکلوتے بیٹے کے باپ میاں افتخار حسین علیل بھی ہیں، انھیں انتہائی بزرگی کے باوجود جیل کی اس گاڑی میں عدالت لایا گیا، جس میں عموماً عادی مجرموں و قیدیوں کو جیل یا پولیس لاک اپ سے عدالت لایا جاتا ہے، اس شرمناک حرکت سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی سفاکیت کا ہر ذی شعور پاکستانی بخوبی اندازہ لگا سکتا ہے۔ دریں اثناء الطاف حسین نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے خواتین سمیت نامزد کردہ 22 امیدواروں کو کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، اور کہا کہ ایم کیو ایم کی نامزد کردہ خواتین امیدواروں کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا کی خواتین فرسودہ روایات اور جمہوریت کے برعکس ناجائز پابندیوں کا خاتمہ چاہتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 464614
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش