0
Friday 5 Jun 2015 21:32

پاکستان برما کے در بدر مسلمانوں کو پناہ دے، صاحبزادہ حامد رضا

پاکستان برما کے در بدر مسلمانوں کو پناہ دے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امن کی با ت کرنا جہاد کی نفی نہیں ہے۔ دور حاضر میں امن کیلئے جدوجہد کرنا دور حاضر کا حقیقی جہاد ہے۔ صدر پاکستان نے پارلیمنٹ سے خطاب میں عوام نہیں حکام کی ترجمانی کی ہے۔ علماء جہاد اور دہشت گردی کے فرق کو واضح کریں۔ آرمی چیف کا غیرملکی پراکسی وارز کو روکنے کا عزم قوم کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔ جنرل راحیل شریف نے پاکستان دشمنوں کو شٹ اپ کال دیکر قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ صدر نے اپنے خطاب میں عوامی مسائل کا ذکر نہ کر کے قوم کو مایوس کیا ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں بیروزگاری کا 13 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان جمود کا شکار ہے۔ نیکٹا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان فٹبال بنا ہوا ہے۔ بلوچستان میں پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ بھارتی حکمران خطے کا چوہدری بننے کا خیال دل سے نکال دیں۔ رمضان المبارک سے پہلے مہنگائی کا طوفان روکا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشت گردی کیلئے جہاد کا نام استعمال کرنا جہالت و گمراہی ہے۔ قوم کو ایک بار پھر 1965ء کے جذبے کی ضرورت ہے۔ بھارت کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی۔ پاکستان بھی جنگ ستمبر کی گولڈن جوبلی منانے کا اعلان کرے۔ پاکستان برما کے در بدر مسلمانوں کو پناہ دے۔ داعش برما کے مسلمانوں کی مظلومیت سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ مظلوم روہنگیا مسلمان انتہا پسندوں کے ہتھے چڑھ سکتے ہیں اس لئے مسلم حکمران روہنگیا مسلمانوں کی عملی مدد کیلئے میدان میں آئیں۔ صدر پاکستان کا پارلیمنٹ سے خطاب روایتی اور بے معنی لفاضی پر مشتمل تھا۔
خبر کا کوڈ : 465085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش