QR CodeQR Code

ایم کیو ایم نے وفاقی بجٹ عوام دشمن قرار دیکر مسترد کر دیا

7 Jun 2015 23:25

اسلام ٹائمز: ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ مراعات یافتہ لوگوں کیلئے بنایا گیا ہے اور یہ مکمل طور پر ایک غریب دشمن بجٹ ہے، نواز حکومت نے تیسری بار غریب دشمن بجٹ پیش کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے وفاقی بجٹ سال 2015/16ء کو عوام دشمن قرار دے کر مسترد کر دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ مراعات یافتہ لوگوں کے لئے بنایا گیا ہے، اور یہ مکمل طور پر ایک غریب دشمن بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے نواز حکومت کو شیڈو بجٹ پیش کیا گیا تھا، لیکن حکومت نے تمام ٹیکسز صرف غریب اور تنخواہ دار ملازمین پر لگا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سالوں سے ہر آنے والی حکومت ایک ہی راگ الاپ رہی ہے، جبکہ موجودہ حکومت نے تیسری بار غریب دشمن بجٹ پیش کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپنے پیش کردہ بجٹ کے مطابق بتائیں کہ ایک تنخواہ دار ملازم اور ایک مزدور اپنے گھر کا چولہا اس طرح کے حالات میں کیسے چلائیں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ نواز حکومت نے گزشتہ مالی سال میں کوئی ٹارگٹ پورا نہیں کیا، جبکہ کل پارلیمنٹ کے اجلاس میں بجٹ پر بحث ہوگی، جس میں ایم کیو ایم کی جانب سے اسکی شدید مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا وفد وزیراعظم اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرنے کی کوشش کرے گا، جس میں بجٹ سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 465478

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/465478/ایم-کیو-نے-وفاقی-بجٹ-عوام-دشمن-قرار-دیکر-مسترد-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org