0
Monday 8 Jun 2015 23:59

سرکاری ٹی وی پر براہ راست کوریج نہ ملنے پر اپوزیشن کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک

سرکاری ٹی وی پر براہ راست کوریج نہ ملنے پر اپوزیشن کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک
اسلام ٹائمز۔ سرکاری ٹی وی پر براہ راست کوریج نہ ملنے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آوٹ کیا تاہم حکومتی یقین دہانی پر اپوزیشن نے تین گھنٹے بعد ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن جماعتیں سرکاری ٹی وی پر براہ راست کوریج نہ ملنے پر ایوان سے واک آوٹ کر گئیں۔ اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال اکتوبر میں دھرنوں کے درمیان پارلیمنٹ کی کارروائی براہ راست دکھائی جاتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے، دعا گو ہوں کہ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دوبارہ شروع ہو تاکہ اجلاس کی کارروائی براہ راست دکھائی جا سکے۔ وزیراطلاعات پرویز رشید اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپوزیشن کو منانے گئے اور یقین دہانی کرائی کہ منگل سے اجلاس کی براہ راست کارروائی دکھائی جائیگی۔ حکومتی یقین دہانی پر اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ خورشید شاہ نے دونوں حکومتی نمائندہ کا شکریہ ادا کیا۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کو نانا اور اسحاق ڈار کو دادابننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایوان کی براہ راست کارروائی دکھانے سے حکومتی ذمہ دارانہ رویہ اجاگر ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ڈار صاحب حل نکال سکتے ہیں، ان کے پاس خزانے کی نہیں بلکہ مسائل حل کرنے کی کنجی ہے۔ اس سے پہلے ایوان میں بجٹ پر عام بحث کیلئے معمول کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی جو منظور کرلی گئی۔ نون لیگ کے رکن عمر ایوب کو معمول کی کارروائی کی معطلی ایک آنکھ نہ بھائی اور کھڑے ہوکر احتجاج کرنا شروع کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات پر توجہ دلاو نوٹس پیش کرنا چاہتے تھے لیکن کارروائی معطل کردی گئی۔ عمر ایوب کے احتجاج پر تحریک انصاف کے ارکان سے بھی رہا نہ گیا اور اپنی نشتوں پر کھڑے ہو گئے، یوں طرفین میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اسپیکر ایاز صادق نے عمر ایوب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کارروائی معطل ہوچکی ہے آپ بجٹ پر بحث کے دوران بات کر لیں۔ اجلاس کی کارروائی منگل کو دس بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
خبر کا کوڈ : 465675
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش