QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، پیپلز پارٹی کے ناراض گروپ کی فیصل کریم کنڈی کیخلاف ریلی

10 Jun 2015 16:44

اسلام ٹائمز: ٹاؤن ہال کے مقام پر پارٹی کے ضلعی قائدین کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر کا کہنا تھا کہ سابق ڈپٹی سپیکر نے فضل الرحمن گروپ سے بھاری رقوم لیکر پارٹی کے مضبوط امیدواروں کو ٹکٹیں جاری نہیں کیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے امیدواروں کی شکست اور پارٹی کے جیالوں میں غیر منصفانہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کیخلاف مقامی پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین نے سعیدبلوچ، زعفران شاہ بخاری و دیگر کی قیادت میں ٹاؤن ہال کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور مظہر جمیل علیزئی کیخلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ فیصل کنڈی اور مظہر جمیل علیزئی کو پارٹی سے فی الفور فارغ کیا جائے۔ اگر پارٹی نے ان دونوں کیخلاف ایکشن نہ لیا، تو ماہ رمضان کے بعد بلاول ہاؤس کراچی کے سامنے دھرنا دینگے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فیصل کنڈی اور مظہر جمیل علیزئی نے مولانا برادران سے سہ فریقی اتحاد کی آڑ میں بھاری رقم لیکر پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدواروں کی پارٹی ٹکٹیں روک دیں اور جمعیت کے امیدواروں کو سپورٹ کیا۔ پیپلز پارٹی کے قربانی دینے والے کارکنوں نے ضلع و تحصیل کی نشستوں پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم انہوں نے اس کے باوجود آزاد حیثیت سے لڑنے والوں کی مخالفت کی اور ان کی ناکامی کا سبب بنے، جبکہ 49 یونین کونسلز میں پیپلز پارٹی کے صرف تین امیدوار ضلع کونسل کی نشست پر کامیاب ہو سکے۔ اس بدترین شکست کے ذمہ دار فیصل کنڈی اور مظہر جمیل علیزئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ان رہنماؤں کی وجہ سے ہم نے سہ فریقی اتحاد کی ہڑتال کی کال مسترد کی۔ یہی وجہ ہے کہ شہر کی تمام دکانیں کھلی رہیں اور یہ ہڑتال مکمل طور پر ناکام ہوئی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فیصل کنڈی کے دور اقتدار میں کی گئی ان کی اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 465985

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/465985/ڈی-آئی-خان-پیپلز-پارٹی-کے-ناراض-گروپ-کی-فیصل-کریم-کنڈی-کیخلاف-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org