0
Thursday 11 Jun 2015 18:17

کراچی کو پانی کی فراہمی کے اہم ترین منصوبے ’’K-4‘‘ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

کراچی کو پانی کی فراہمی کے اہم ترین منصوبے ’’K-4‘‘ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پانی کی فراہمی کے اہم ترین منصوبے ’’K-4‘‘ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیسے دے یا نہ دے، ہم یہ منصوبہ مکمل کریں گے، چاہے اس منصوبے پر تخمینے سے زائد رقم بھی خرچ کیوں نہ ہو، ماس ٹرانزٹ سمیت کراچی کیلئے اور بھی کئی بڑے منصوبوں پر عمل درآمد جلد شروع کر دیا جائے گا، ہمیں وفاق سے بہت شکایات ہیں۔ گذشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں عظیم تر کراچی منصوبہ برائے آب رسانی ’’K-4‘‘ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ’’K-4‘‘ ایک پرانا منصوبہ ہے، ماضی میں اس پر کسی نے توجہ نہیں دی، حالانکہ کراچی کے لوگ پانی کی قلت پر چلاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود کراچی میں پورے ملک کے علاوہ مشرق وسطیٰ، بھارت، بنگلہ دیش، برما اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں یہاں آکر آباد ہو رہے ہیں، کراچی میں ایک کشش ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ 50 سال کی منصوبہ بندی ہونی چاہیے، لیکن ماضی میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے این ایف سی ایوارڈ میں کچھ مالیاتی وسائل کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے، لیکن سندھ کی ضرورتیں بہت زیادہ ہیں، ہمارے وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ سندھ کے حقوق کیلئے لڑتے رہتے ہیں۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاق کے بجٹ سے بہت مایوسی ہوئی، وزیراعظم نواز شریف تعاون کرتے رہتے ہیں، لیکن جہاں پیسے دینے کا تعلق ہوتا ہے، تو ہمیں کچھ نہیں ملتا، گزشتہ سال وفاقی پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے 525 ارب روپے میں سے ہمیں صرف 22 ارب ملے، آئندہ سال کیلئے 700 ارب روپے کے پی ایس ڈی پی میں سے سندھ کے منصوبوں کیلئے صرف 6.7 ارب روپے رکھے گئے ہیں، اس طرح پی ایس ڈی پی بڑھنے کے باوجود سندھ کا حصہ کم ہو گیا ہے، ہم نے ’’K-4‘‘ منصوبے کیلئے وزیراعظم سے گزارش کی تھی، اور کہا تھا کہ یہ کراچی کا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سب کا ہے، یہاں پورے پاکستان کے لوگ رہتے ہیں لیکن اس منصوبے کیلئے وفاقی حصے کی رقم اب تک ہمیں نہیں ملی، ہم نے ’’K-4‘‘ منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، اگر اس پر ساڑھے 25 ارب روپے کے تخمینہ سے زائد رقم بھی خرچ ہوئی، تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، آصف علی زرداری کا حکم ہے کہ پانی کے منصوبوں کو ترجیع دی جائے، کیونکہ پانی زندگی ہے، پلوں اور سڑکوں کے منصوبے بھی اہم ہیں، لیکن زندگی نہیں ہوگی تو سب بیکار ہے۔
خبر کا کوڈ : 466137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش