0
Sunday 12 Dec 2010 10:55

جرمنی کا پاکستان پر سیاسی مفادات کیلئے دہشت گردی کے استعمال کا الزام

جرمنی کا پاکستان پر سیاسی مفادات کیلئے دہشت گردی کے استعمال کا الزام
برلن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق جرمنی کی چانسلر اینجلا مرکل نے پاکستان پر الزام عائدکیا ہے کہ وہ سیاسی مفادات کے حصول کے لیے دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے اور بھارت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ممبئی حملوں جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دیے جائیں گے۔بھارتی وزیراعظم کے دورہ برلن میں انہیں کیا یقین دہانیاں ملیں یہ جانتے ہیں۔یورپ کے ممالک ایک ایک کر کے بھارت سے قریب تر ہو رہے ہیں۔بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ کا برلن میں خیرمقدم کرتے ہوئے جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں مرکل نے ممبئی حملوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دوبارہ ہونے سے ہر قیمت پر روکا جائے گا۔ جرمنی کی چانسلر اینجلا مرکل  نے کہا کہ انکی خواہش ہے کہ پاکستان سے بات کی جائے،تاکہ یہ واضح ہو کہ یہ حملے دوبارہ نہیں ہوں گے۔اور اس بات کو بھی پاکستان پر واضح کیا جائے کہ دہشتگردی کسی چیز کا انجام نہیں ہو سکتا۔جب سیاسی مسائل کے حل کی بات ہو تو یہ ناقابل قبول ہے اور جرمنی اس معاملے میں بھارت کے ساتھ قریبی تعاون رکھے گا۔
بھارت سلامتی کونسل میں بھی مستقل رکنیت چاہتا ہے اور اس معاملے پر امریکا کی حمایت حاصل کر لی گئی ہے۔چند ہی روز پہلے اپنے دورہ دہلی میں فرانس کے صدر نکولا سارکوزی نے بھی اس ایشو پر بھارت کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔چانسلر کے ساتھ پریس کانفرنس میں من موہن سنگھ نے کہا کہ یو این کی توسیع پر جرمنی اور بھارت ایک ساتھ ہیں۔ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ بھارت جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اور جی فور کے تحت،سلامتی کونسل کو مزید موثر بنانے اور مستقل و غیرمستقل اراکین کی تعداد بڑھانے سے متعلق امور پر مل کر کام کرے گا۔بھارت اور جرمنی کے درمیان تجارت کا حجم بھی اگلے برس 20 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔ اور اقدار کو یکساں قرار دیتے ہوئے جرمن چانسلر نے نہ صرف نیوکلیئر انرجی کے پرامن استعمال بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر بھی آمادگی ظاہرکی ہے۔
آج نیوز کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کا معاملہ پاکستان کے سامنے اٹھایا جائے گا،دہشت گردی کو سیاسی مسائل حل کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔برلن میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں جرمن چانسلر نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو سیاسی مسائل کے حل کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا،ممبئی حملوں پر پاکستان سے بات کریں گے۔عسکریت پسندی کے خلاف بھارت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔انجیلا مرکل نے کہا کہ بھارت اور جرمنی کی اسٹریٹیجک ریلیشن شپ باہمی تعاون اور اعتماد پر مبنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 46622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش