QR CodeQR Code

صوبہ سندھ کا مالی سال 16-2015 کیلئے 740 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

13 Jun 2015 16:33

اسلام ٹائمز: بجٹ خسارہ 13 ارب روپے ظاہر کیا گیا ہے، تعلیم کیلئے مجموعی بجٹ 150 ارب، امن و امان کیلئے 65 ارب روپے، صحت کیلئے 57 ارب روپے 50 کروڑ روپے، توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے 25 ارب 90 کروڑ مختص کئے گئے ہیں، جبکہ 14 ہزار 224 نئی ملازمتیں دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ اسمبلی میں مالی سال برائے 16-2015 کے لئے 740 ارب پورے کا بجٹ پیش کر دیا گیا ہے، جس میں 13 ارب روپے خسارہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر آغا سراج خان درانی کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال برائے 16-2015 کا بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے دوران وصولیوں کا مجموعی تخمینہ 727 ارب روپے لگایا گیا ہے، جن میں سے وفاق سے 482 ارب روپے ملیں گے، جبکہ صوبہ براہ راست محصولات سے 99 ارب 55 کروڑ اور بالواسطہ محصولات سے 81 ارب حاصل کرے گا، اس کے علاوہ نان ٹیکس محاصل سے 19 ارب 50 کروڑ روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مختلف صوبائی منصوبوں پر غیر ملکی امداد کا تخمینہ 26 اب 98 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لئے مجوزہ بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لئے 214 ارب روپے، جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 503 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں 177 ارب روپے، جبکہ بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور بحالی کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لئے مجموعی بجٹ 150 ارب، امن و امان کے لئے 65 ارب روپے، صحت کے لئے 57 ارب روپے 50 کروڑ روپے، توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے 25 ارب 90 کروڑ مختص کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں 14 ہزار 224 نئی ملازمتیں دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بجٹ میں کراچی میں پانی کی فراہمی کے لئے K-4 منصوبے کے لئے ڈھائی ارب روپے، جبکہ ہالیجی سے پیپری 6 کروڑ 50 لاکھ گیلن یومیہ پانی کے لئے ایک ارب 15 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔

بجٹ میں کورنگی کراسنگ پر فلائی اوور کے لئے 10 کروڑ 12 لاکھ روپے، مہران ہوٹل نصرت بھٹو انڈر پاس کے لئے 22 کروڑ 30 لاکھ روپے، اور ملیر 15 میں زیر تعمیر فلائی اوور منصوبے کے لئے مزید 53 کروڑ 26 لاکھ مختص کئے گئے۔ شہر میں بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (اورنج لائن) کے لئے 2 ارب 8 کروڑ روپے اور ریڈ لائن کے لئے 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے لئے حیدرآباد کے لئے 37 ارب روپے، سکھر کے لئے 27 ارب، لاڑکانہ ڈویژن کے لئے 33 ارب، میرپور خاص کے لئے 34 ارب، جبکہ بے نظیر آباد کے لئے 18 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خواجہ سراؤں کے لئے بجٹ میں 15 کروڑ، اور بھکاریوں کے لئے 21 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 466432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/466432/صوبہ-سندھ-کا-مالی-سال-16-2015-کیلئے-740-ارب-روپے-بجٹ-پیش-تنخواہوں-میں-10-فیصد-اضافہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org