0
Monday 15 Jun 2015 00:15

گلگت میں بیگناہ افراد کو رہا نہ کیا گیا تو نون لیگ حکومت کیخلاف احتجاج پر مجبور ہونگے، ناصر شیرازی/ تہور حیدری

گلگت میں بیگناہ افراد کو رہا نہ کیا گیا تو نون لیگ حکومت کیخلاف احتجاج پر مجبور ہونگے، ناصر شیرازی/ تہور حیدری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر تہور عباس نے ایم ڈبلیو ایم سینٹرل سیکریٹریٹ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں پر قائم مقدمات فی الفور ختم کئے جائیں۔ مسلم لیگ نون نے ہماری انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کے لئے ہمارے سینیئر عہدیدران کو گرفتار کرکے ان پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کئے۔ یمن کے حوالے سے افواج پاکستان کے موقف کی تائید اور پاکستان کو غیر جانبدار رکھنے کے لئے نکالی جانے والے ریلی کا ہمیں آئینی و قانونی حق حاصل تھا۔ ہمارا یہ موقف جذبہ حب الوطنی کے عین مطابق ہے کہ افواج پاکستان کو وطن عزیز میں مختلف محاذوں کا سامنا ہے، ایسی صورتحال میں ہم کسی پرائی جنگ کا حصہ بننے کے متحمل نہیں ہیں۔ دو مسلم ممالک کے درمیان تنازعہ کی صورت میں آئین ہمیں صرف ثالثی کا کردار ادا کرنے کی اجازت دیتا ہے نہ کہ فریق بننے کیا۔

ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ریلی شرکاء کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کا اندراج مسلم لیگ کی انتقامی کارروائی اور سیاسی دباو کی کوشش ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک پُرامن قوم ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد اور اظہار رائے کی آزادی ہمارا آئینی حق ہے۔ جس سے روکنا بلاجواز اور آئین پاکستان سے انحراف ہے۔ گلگت بلتستان کی معروف شخصیت، مجلس وحدت گلگت بلتستان کابینہ کے رکن اور آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر عارف حسین قنبری کو تین ماہ قبل پولیس نے گرفتار کیا اور ابھی تک ان کی ضمانت نہیں ہونے دی جا رہی، جو سراسر زیادتی، بدنیتی اور نون لیگ کے سیاسی دباو کا نتیجہ ہے۔ انسداد دہشت گردی کے نام پر سیاسی انتقام کے لئے ریاستی اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ کالعدم گروہوں کی ایما پر ہمارے ساتھ روا رکھے جانے والا یہ غیر جمہوری اور نامناسب طرز عمل مسلم لیگ نون کے مسائل میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے قائدین کے خلاف کاٹی گئی دہشت گردی کی جھوٹی ایف آئی آر فوراً ختم کی جائے۔ ہم حکومت کو چار دن کی مہلت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے تمام بے گناہ اسیروں کو فوری طور پر رہا کرے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو پھر مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی طرف سے عوامی قوت کے ساتھ حکومت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 466601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش