QR CodeQR Code

کرپشن کیسز میں ٹی ایم او سیہون اور سجاول سمیت سندھ کے 5 سرکاری افسران گرفتار

19 Jun 2015 12:01

اسلام ٹائمز: کراچی ایئرپورٹ پر حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سکھر کے اہم عہدیدار محمد علی شیخ کو گرفتار کرلیا، ملزم پر بدعنوانی کے الزامات ہیں، جبکہ محمد علی شیخ اہم سیاسی شخصیت کے دست راست بھی بتائے جاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نیب نے بدعنوان افسران کیخلاف کارروائیاں تیز کر دیں، ٹی ایم او سیہون ظہور شاہانی، ٹی ایم او سجاول ممتاز زرداری سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، ملزمان کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدعنوانوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور ایکشن میں ہیں، کرپشن کے الزامات پر مزید 5 اہم سرکاری شخصیات کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سکھر کے اہم عہدیدار محمد علی شیخ کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزم پر بدعنوانی کے الزامات ہیں، جبکہ محمد علی شیخ اہم سیاسی شخصیت کے دست راست بھی بتائے جاتے ہیں۔ ادھر نیب نے ٹی ایم او سجاول ممتاز زرداری کو بھی حراست میں لے لیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری افسر پر سجاول میں 10 کروڑ روپے کے غبن کا الزام ہے، ممتاز زرداری کے پاس بیک وقت 4 عہدوں کا چارج ہے۔ دوسری جانب نیب نے کروڑوں روپے کی کرپشن کے میں ملوث ٹی ایم او سیہون ظہور شاہانی، انجینئر ادریس میمن اور سابق ٹی ایم او رحمت اللہ میمن کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ملزمان جعلی ٹھیکیداروں کو چیک جاری کرنے، جعلی خرید و فروخت اور گھوسٹ ملازمین کے نام پر رقوم بھی وصول کرتے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 467647

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/467647/کرپشن-کیسز-میں-ٹی-ایم-او-سیہون-اور-سجاول-سمیت-سندھ-کے-5-سرکاری-افسران-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org