QR CodeQR Code

وفاقی دارالحکومت، راولپںڈی، تلہ گنگ، میانوالی، ڈی آئی خان سمیت کئی شہروں میں بارش

20 Jun 2015 23:21

اسلام ٹائمز: اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں پری مون سون کا آغاز ہو گیا ہے، بارش اور تیز ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے، محکمہ موسمیات نے جمعرات تک مزید بارشوں کی خوشخبری دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ روزہ داروں کی دعائیں آخر کار رنگ لائیں، اور موسم کے تیور ہی بدل گئے۔ دن بھر شدید گرمی کے بعد کہیں تیز ہوائیں کہیں مٹی کا طوفان کہیں رم جھم اور کہیں کھل کر برکھا برسنے سے ہر منظر نکھر گیا۔ شہر اقتدار اور جڑواں شہر راولپنڈی میں ہونے والی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گرمی سے نڈھال شہری بھی جھوم اٹھے۔ لاہور میں رات کو آندھی کے بعد کئی علاقوں میں بادل برسے۔ جس سے موسم بھی سہانا ہو گیا۔ اس سے پہلے دن بھر چلنے والی ہواؤں نے پارہ گرائے رکھا۔ شیخو پورہ، مرید کے، قصور، گجرات، گوجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد، لیہ، ساہیوال، ڈی آئی خان سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ ملتان اور گردو نواح میں تیز آندھی چلی، جبکہ لاڑکانہ میں مٹی کا طوفان آیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، پشاور، ڈی آئی خان، ہزارہ ڈویژن، کشمیر، ژوب، سبی میں بادل برس سکتے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 468011

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/468011/وفاقی-دارالحکومت-راولپںڈی-تلہ-گنگ-میانوالی-ڈی-ا-ئی-خان-سمیت-کئی-شہروں-میں-بارش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org